بجلی کی پیداوار اور استعمال میں بین الاقوامی مرکز تعلیمی اداروں کیلئے روشن مثال ہے،ڈاکٹراقبال چوہدری

مرکز میں توانائی کا نظام بجلی، گیس، ڈیزل پر انحصار کرتا ہے، جامعہ کراچی میں اجلاس سے خطاب

پیر 27 اپریل 2015 20:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء) بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا ہے کہ بجلی کی پیداوار اور استعمال کے لحاظ سے ملکی تعلیمی و تحقیقی اداروں کے لئے آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی ایک رشن مثال ہے، بین الاقوامی مرکز میں توانائی کا نظام بجلی، گیس اور ڈیزل پر انحصار کرتا ہے، ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی) جامعہ کراچی کا200 ٹن پاور کا ائیر کنڈیشنگ پلانٹ بجلی کے صفر نرخ پر کام کرتا ہے۔

یہ بات انھوں نے گزشتہ ہفتے ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری، جامعہ کراچی میں ایک اجلاس سے خطاب کے دوران کہی۔ ڈاکٹر اقبال چوہدری نے کہا کہ بین الاقوامی مرکز میں توانائی کا نظام بجلی، گیس اور ڈیزل پر انحصار کرتا ہے، کسی ایک ذریعۂ توانائی کی ناکامی کی صورت میں دوسرا ازخود سرگرمِ عمل ہوجاتا ہے اس نظام کے نفاذ کا مقصدآئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میں موجود کروڑوں روپے کی مالیت کے سائنسی و تحقیقی سازوسامان کو لوڈشیڈنگ کے خطرناک اثرات سے محفوظ رکھنا ہے، اس ادارے میں ایسے ہی نظام کا نفاذ بے حد ضروری تھا کیوں کہ یہ ادارہ ترقی پذیر ممالک میں سائنسی اور تحقیقی سرگرمیوں کے اعتبار سے اپنی مثال آپ ہے، انھوں نے کہا تحقیقی سطح پر تسلسل کے ساتھ توانائی کی فراہمی چاہیے ہوتی ہے مگر افسوس کے ساتھ ہمارے ملک اور بالخصوص کراچی میں یہ سہولت میّسر نہیں ہے۔

(جاری ہے)

اس ادارے میں سات گیس سے چلنے والے پاور جنریٹر (بشمول چھ KVA 370 اور ایک KVA 340)، جبکہ سات ڈیزل سے چلنے والے جنریٹر (بشمول ایک,425 KVA تین 300 KVA ایک KVA 120 اور دو 100 KVA) موجود ہیں ۔ ان پاور جنریٹر سے پیدا ہونے والی گرمی سے بذریعۂ سائنسی عمل ائیر کنڈیشنگ پلانٹ چلایا جاتا ہے جس کی وجہ سے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی) جامعہ کراچی کا200 ٹن کا ائیر کنڈیشنگ پلانٹ صفربجلی کے نرخ پر کام کرتا ہے جبکہ جنریٹر سے پیداشدہ گرمی سے ماحول بھی کسی حد تک محفوظ رہتا ہے، انھوں نے کہا کہ اس کے علاوہ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میں ائیر کنڈیشنر کا استعمال حسبِ ضرورت کیا جاتا ہے جبکہ اینرجی سیور (energy savers) اور ایل ای ڈی لائٹ (L.E.D. lights) کے استعمال سے توانائی کو مزید محفوظ کیا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :