تحفظ ناموس رسالت تحفظ حرمین شریفین ہمیں اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے، قاری محمدعثمان

دینی مدارس کے کردار کو کوئی ختم نہیں کرسکتا،ادارے ،کردار قائم رہیگا ،کم مئی کو تاریخ ساز ریلی نکالی جائیگی،نائب امیرجے یوآئی سندھ

پیر 27 اپریل 2015 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء) جمعیۃ علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان نے کہا کہ تحفظ ناموس رسالت تحفظ حرمین شریفین ہمیں اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے۔ دینی مدارس کے کردار کو کوئی ختم نہیں کرسکتا۔ ان شاء اﷲ یہ ادارے اور ان کا کردار قائم رہے گا ۔یکم مئی کو تاریخ ساز ریلی نکالی جائے گی۔ ضلع غربی سے ہزاروں گاڑیوں پر مشتمل قافلہ ریلی میں شرکت کرے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعۃ محمودیہ میرا ناکہ ، جامعۃ محمد بن قاسم قائد آباد ملیر ،جامعۃ احیاء العلوم سعید آباد بلدیہ ٹاون، جامعہ عائشہ للبنات کیماڑی ، جامعہ افضل العلوم گلستان جوہر میں تحفظ حرمین شریفین کانفرنس ، عظمت قرآن ، محفل حسن قرات ، کے اجتماعا ت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

قاری محمد عثمان نے کہا کہ ہر مسلمان تحفظ حرمین کے لئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنا سعاد ت سمجھتا ہے۔

حرمین شریفین کا دفاع ہر مسلمان کا مذہبی فریضہ ہے۔اگر دنیا کی کسی طاقت نے حرمین پر حملہ کرنے کی جسار ت کی تو اسے پوری دنیا کے مسلمانوں کی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز نے قائم ہزاروں دینی مدارس پر امن ماحول میں دینی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ اور لاکھوں طلبہ و طالبات ان اداروں میں زیر تعلیم ہیں۔ لیکن حکومت دینی مدارس کے خلاف منفی پروپیگنڈے اور اقداما ت میں مصروف ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ کوئی بھی طاقت مسلم معاشرے میں دینی مدارس کے کردار کو ختم نہیں کرسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے زیر اہتمام یکم مئی کو سہراب گو ٹھ تا وزیر اعلیٰ ہاؤس تحفظ ناموس رسالت ،تحفظ حرمین شریفین و دینی مدارس ریلی نکالی جائے گی۔جس میں لاکھوں مسلمان شرکت کریں گے۔ دریں اثنایکم مئی کی ریلی کی تیاریوں کے سلسلے میں جمعیت علماء اسلام ضلع غربی کی مجلس عمومی کا اجلاس جامعہ رحمانیہ اورنگی ٹاوں میں ضلعی امیر سابق ایم پی اے مولناعمر صادق کی زیر صدار ت منعقد ہوا۔

اجلاس سے ضلعی امیر مولناعمر صادق ، ناظم عمومی سید اکبر شاہ ہاشمی ، قاضی امین الحق آزاد، انجینئر محمد سلیم ،اور دیگر نے خطاب کیا۔ جبکہ اس موقع پر ڈاکٹر نصیر الدین سواتی ، مولانا ڈاکٹر عطاء الرحمن خان ، قاری حفیظ اﷲ ارشد، سابق ایم پی اے حافظ محمد نعیم، قاری طلحہ زبیر سواتی، اور دیگر رہنماء موجود تھے۔مولناعمر صادق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحفظ ناموس رسالت ،تحفظ حرمین شریفین ، و دینی مدارس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا ۔

اس مقصد کے لئے ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران دینی مدارس کے خلاف اقداما ت کا سلسلہ فورا بند کرے۔ علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو شہید کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ کارکن یکم مئی کی ریلی کے لئے بھرپور محنت کریں۔ ان شاء اﷲ یکم مئی کو ضلع غربی سے ہزاروں گاڑیوں پر مشتمل قافلہ ریلی میں شرکت کرے گا۔

متعلقہ عنوان :