کرپٹ اور موروٖثی سیاست کے نظام کو ختم کرنے کیلئے عوام کی سوچ یکسر تبدیل ہورہی ہے،ممتاز اختر کاہلوں

پیر 27 اپریل 2015 19:55

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء) کرپٹ اور موروٖثی سیاست کے نظام کو ختم کرنے کیلئے عوام کی سوچ یکسر تبدیل ہورہی ہے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں آزاد امیدواروں اور پی ٹی آئی کے امیدواروں کی بڑی تعداد کی کامیابی اس بات کی دلیل ہے کہ لوگ موروثی سیاست اور کرپٹ نظام سے تنگ آچکے ہیں اور وہ تبدیلی چاہتے ہیں حکومت میں ہونے کے باوجود ن لیگ وہ کامیابی حاصل نہ کرسکی جس کی توقع حکمران کررہے تھے ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر الحاج ممتاز اختر کاہلوں نے کیا انہوں نے کہا کہ آنیوالا وقت پاکستان تحریک انصاف کا ہے اور انشاء اﷲ ستمبر میں ہونیوالے بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کنٹونمنٹ بورڈ سے بہتر نتائج دیگی اور تمام بلدیاتی اداروں میں اپنے چیئرمین‘ وائس چیئرمین لانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی الحاج ممتاز اختر کاہلوں نے کہا کہ سرگودھا میں آزاد امیدواروں نے اپنا گروپ بناکر ن لیگ کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے اور انشاء اﷲ کنٹونمنٹ بورڈ میں ہمارے ہی لوگ برسر اقتدار آئیں گے۔