موجودہ عالمی اور علاقائی صورتحال کے تناظرمیں ملک منفی اور غیر تعمیری سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا،علی اکبر گجر

پیر 27 اپریل 2015 18:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی اور علاقائی صورتحال کے تناظرمیں ملک منفی اور غیر تعمیری سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا․ اقوام عالم کے دست تعاون کا فائدہ نہ اٹھایا گیا تو خدانخواستہ پاکستان کئی دہائیاں پیچھے رہ جائے گا․ اٹھارہ کروڑ پاکستانیوں کو جب بھی موقع ملا ہر پاکستانی نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی پالیسیوں پر اعتماد کا اعادہ کرکے ثابت کیا ہے پاکستانی قوم قائد میاں محمد نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہے․ موجودہ حالات میں پاکستان کو ذاتی مفادات اور اقتدار کی سیاست کرنے والوں کے چنگل سے بچانا بہت ضروری ہوچکا ہے․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی وفاقی حکومت اور مسلح افواج کی مشترکہ کوششوں سے پاکستان سے دہشت اور خوف کا خاتمہ ہو رہا ہے؛ پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور معاشی انجن ایک بار پھر ملکی معیشت میں بھرپور کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہو رہا ہے․ پڑوسی ممالک سمیت دنیا بھر کے سرمایہ کار وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی پالیسیوں کی طرف کھنچے چلے آ رہے ہیں․ دنیا کی سپر طاقت ہمارے دیرینہ دوست چین نے اپنے تعاون اور دوستی کا سارا وزن پاکستان کے پلڑے میں ڈال کر یہ عندیہ دیا ہے کہ پاکستانی قوم کے لئے یہی وقت ہے کہ ہم اپنی نسلوں کا مستقبل سنوارنے کے لئے متحد ہو جائیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر فیصل کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخاب میں کامیاب ہونے والے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں اور پارٹی کارکنوں کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے جس میں بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہونے والی ٹیم علی اکبر گجر کے علاوہ ضلع شرقی کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے سیکڑوں کارکنوں و رہنماؤں نے شرکت کی․ علی اکبر گجر نے کہا کہ کنٹو نمنٹ ایریاز کے بلدیاتی انتخابات ان تمام مخالف سیاسی قوتوں کے لئے پیغام ہیں جو کبھی ماضی کے انتخابات کی شفافیت کی آڑ میں ملک کو سیاسی عدم استحکام میں مبتلا کرنے کی کوششیں کرتے ہیں تو کبھی پاک چین اقتصادی راہداری پر غیر منطقی اعتراضات کے ذریعے اپنی منفی سیاست کی بقا کے لئے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں․ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت موجودہ عالمی و علاقائی صورتحال میں انتہائی مثبت اور مؤثر سمت میں جا رہی ہے جس کے ثمرات بہت جلد نمایاں ہونا شروع ہو جائیں گے․ مشرق وسطی کے ممالک میں بھی پاکستان کردار کلیدی حیثیت اختیار کر چکا ہے جس کے نتیجے میں لاکھوں پاکستانیوں کے لئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے اور ہم مشرق وسطی کے مسلم ممالک کو افرادی قوت فراہم کر کے اپنی معیشت اور امت مسلمہ کی صنعت کو نئے عروج تک لے جانے میں اہم کردار ادا کر سکیں گے․ چین کے ساتھ ہونے والے مثالی اور تاریخ ساز معاہدے پاکستانیوں کے لئے اپنے ملک کے اندور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ مستقبل میں وسط ایشیائی ممالک میں بھی اہم کردار ادا کرنے کے قابل ہوجائیں گے․ آج کے حالات میں تمام سیاسی قوتوں کی قومی ذمہ داری ہے کہ وہ منفی سیاست اوراقتدار کے پیچھے دوڑنے کی بجائے ملک و قوم کے عظیم تر مفاد میں منتخب جمہوری حکومت کے دست و بازو بن کر آئندہ انتخابات میں اپنے لئے مناسب کردار کا تعین کریں۔