ہول سیل ڈیلرز ذخیرہ اندوزی کر کے اشیائے خورد ونوش مہنگے داموں فروخت کررہے ہیں‘ کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن

حکومت ریٹیلرز کی بجائے ہول سیل ڈیلرز سے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں پر ریٹ لسٹوں کے مطابق عملدرآمد کروائے‘ حافظ عارف ، طاہر ثقلین بٹ

پیر 27 اپریل 2015 18:14

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء)ریٹیلرز مہنگائی کے خلاف ہمیشہ حکومت کے ساتھ رہے ہیں، ہول سیل ڈیلرز ذخیرہ اندوزی بھی کررہے ہیں اور اشیائے خورد نوش بھی مہنگے داموں فروخت کررہے ہیں،حکومت ریٹیلرز کی بجائے ہول سیل ڈیلرز سے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں پر ریٹ لسٹوں کے مطابق عملدرآمد کروائے۔ان خیالات کا اظہار صدر مرکزی کریانہ مرچنٹس ایسویسی ایشن حافظ عارف اور سیکرٹری جنرل طاہر ثقلین بٹ نے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔

انہو ں نے کہا کہ کچھ غیر سنجیدہ عناصر حکومت اور چھوٹے تاجروں اورکریانہ مرچنٹس کے درمیاں فاصلے بڑھا کر اپنے عزائم کی تکمیل چاہتے ہیں،ہول سیل میں چینی 56روپے ملتی ہے لیکن ریٹیلرز کو حکومت 54روپے فروخت کرنے پر مجبور کررہی ہے۔

(جاری ہے)

حکومت اور ضلعی انتظامیہ ریٹیلرز کے نمائندوں کی تجاویز کو سامنے رکھتے ہوئے پرائس کنٹرول لسٹوں کی تشکیل کا عمل مکمل کرے تاکہ عوام الناس کو اشیائے خورد نوش کی فراہمی یقینی رہے ۔

حافظ عارف اور طاہر ثقلین بٹ نے کہا کہ ہمیشہ حکومت کے ساتھ مہنگائی کے خلاف رہے ہیں اور ذخیرہ اندوزی کی بجائے عوام کو اشیاء کی فراہمی کو باآسانی بنایا ہے ۔حکومت اور کریانہ مرچنٹس کے مابین فاصلے بڑھانے کے لئے کچھ قوتیں کام کر رہی ہیں جنہیں کسی طور پر بھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہو ل سیل مارکیٹوں میں اشیاء خوردونوش کی قیمتیں پرائس کنٹرول لسٹوں کے مطابق یقینی بنائے تو کریانہ مرچنٹس آ سانی سے عوام کو آ سان اور حکومتی نرخو ں پر اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنا سکتے ہیں ۔