اینٹی نارکوٹکس فورس نے راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں پانچ مختلف کاروائیوں کے دوران24 کلوگرام ہیروئن اور2.8 کلو گرام چرس برآمد کر لی

منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 10 ملزمان کو گرفتار ، 4 گاڑیاں ضبط کر لیں

پیر 27 اپریل 2015 18:12

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء ) اینٹی نارکوٹکس فورس نے راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں پانچ مختلف کاروائیوں کے دوران24 کلوگرام ہیروئن اور2.8 کلو گرام چرس برآمد کر لی، جبکہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا اور 4 گاڑیاں ضبط کر لیں۔برآمدشدہ منشیات کی مالیت عالمی منڈی میں تقریباً 16کروڑ روپے بنتی ہے۔

برآمد شدہ منشیات کی زیادہ تر مقدار بیرونِ ملک اسمگل کی جانی تھی۔ تفصیلات کے مطابق،اے این ایف راولپنڈی نے ایک خفیہ اطلاع پربینظیر بھٹو انٹر نیشنل ائیرپورٹ اسلام آباد کے قریب 2 گاڑیوں رجسٹریشن نمبر۔RJ-568 ٹویوٹا فیلڈر اور رجسٹریشن نمبر۔RI-851 سوزوکی سیوفٹ کو روک کر اس کی تلاشی لی اور گاڑیوں کے خفیہ خانوں میں نہایت مہارت سے چھپائی گئی 12 کلو گرام ہیروئن برآمد کرلی۔

(جاری ہے)

3 ملزمان محمد شفیق، محمد عمران ساکنان لاہور اور لشکر خان سکنہ پشاور کو موقع پر گرفتار کر لیا۔اطلاعات کے مطابق یہ منشیات بیرونِ ملک سمگل کی جانی تھی۔اے این ایف راولپنڈی ائیر پورٹ ٹیم نے بینظیر بھٹو انٹر نیشنل ائیرپورٹ پر معمول کی نگرانی کے دوران ناروال کے رہائشی قاسم علی کو حراست میں لے کر ملزم کے قبضے سے 12 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی، جو نہایت مہارت سے بیگ میں چھپائی گئی تھی۔

ملزم اْمان ائیر لائن کی پرواز نمبر WY-348 سے براستہ مسقط آئیوری کوسٹ روانہ ہو رہا تھا۔ اے این ایف راولپنڈی ائیر پورٹ ٹیم نے بینظیر بھٹو انٹر نیشنل ائیرپورٹ پر معمول کی نگرانی کے دوران گجرانوالہ کے رہائشی محمد صدیق کو حراست میں لیا۔ دورانِ تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کے اس کے معدے میں ہیروئن بھر ے ،کیپسول ہیں۔ ملزم اتحاد ائیر لائن کی فلائیٹ نمبر EY-232 سے براستہ دوبئی اٹلی روانہ ہو رہا تھا۔

اے این ایف لاہور روڈ چیک ٹیم نے عمیر پیٹرولیم ہڑپا ٹول پلازہ ساہیوال کے قریب ایک موٹر سائیکل سوار کو حراست میں لیکر اس کے قبضے سے 1کلو گرام چرس برآمد کر لی۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم قرب و جوار میں منشیات فراہم کرنے کے دھندے میں ملوث ہے۔ اے این ایف پشاور روڈ چیک ٹیم نے پشتخرہ چوک کے قریب ایک ٹویوٹا کرولا کار رجسٹریشن نمبر ASG-885 کو قبضے میں لے کر گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی1.8 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔ کاروائی کے دوران گاڑی میں سوار 4 ملزمان عبیداﷲ، سمیع اﷲ، عامر محمد خان اور عبدالولی ساکنان بونیر کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ تمام زیرحراست ملزمان کے خلاف مقدمات اے این ایف کے تھانوں میں درج کرلئے گئے ہیں اورمزیدتفتیش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :