بے سہارا بچوں کے لیے ندیم احمد خان کی خدمات سنہری حروف میں لکھی جائیں گی،چوہدری محمد یاسین

خبیب فاؤنڈیشن کا یوم یتامیٰ منانا تاریخی اہمیت کا حامل ہے ،میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت

پیر 27 اپریل 2015 17:58

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء) سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے ) کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یاسین نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فلاحی ادارے خبیب فاؤنڈیشن پاکستان کی طرف سے یوم یتامیٰ منانے پر خبیب فاؤنڈیشن کے چیئرمین ندیم احمد خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور بے سہارا بچوں کی خدمت والدین کی طرح کرنے پر خبیب فاؤنڈیشن کی خدمات کو تاریخ کے سنہری حروف میں لکھا جائے گا اور اس پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کرنے اور اپنا بھرپور تعاون پیش کرنے پر صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب احمد خان ،ترکی کے سفیر صادق بابر گرگن ،سویٹ ہومز کے سرپرست اعلیٰ زمرد خان ،ترکی کے بیس رکنی وفد ،چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل و دیگر افسران میں شامل حمزہ شفقات ،حاجی محبوب ،ملک اظہر خورشید اورمزدور یونین کے عہدیداران کا شکریہ ادا کرتے ہیں ،خبیب فاؤنڈیشن ایک مثالی فلاحی ادارہ ہے جس نے پاکستان میں 2005کے ہولناک زلزلے ،2014میں نوشہرہ ،مظفر گڑھ اور سندھ میں سیلاب سے متاثرین کی امداد اورفلسطین میں جیل کاٹنے جیسے واقعات اورخبیب کالجز ہری پور ،مظفر آباد ،راولپنڈی ،خیبرپختونخواہ ،گلگت بلتستان اور مظفر گڑھ جیسے علاقوں میں تعلیمی اداروں کا قیام جہاں ہزاروں بچوں کو روحانی ،جسمانی اور نصابی تعلیم مہیا کی جاتی ہے اور حال ہی میں ہری پور میں یتیم بچوں کے لیے نئے کیمپس جس میں 2000بچوں کے لیے تعلیمی سہولیات کے ساتھ ساتھ رہائش اور خوراک کا اعلیٰ بندوبست کیا گیا ،قابل تعریف ہے ،چوہدری محمد یسیٰن نے کہا کہ 2005میں مزدور یونین (سی بی اے ) نے خبیب فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر فلاحی کاموں میں حصہ لیا اور آئندہ بھی ہر نیک عمل میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ شریک رہیں گے ،چوہدری محمد یسیٰن نے ترکی کی حکومت اورع بالخصوص ترکی کے سفیر صادق بابر گرگن کی خبیب فاؤنڈیشن کے لیے کردار اور تعاون کو سہراتے ہوئے کہا کہ ترکی کی حکومت بالخصوص صدر رجب طیب اردگان اور ترک بھائیوں نے ہمیشہ مسلمانوں کے لیے ہمیشہ اخلاص سے کام کیااور کشمیر کے مسئلے پر بین الاقوامی فورم پر آواز بلند کی ،خبیب فاؤنڈیشن کی خدمات کو ترکی کی حکومت و سفیر اور آزاد کشمیر کے صدر یعقوب خان کھلے الفاظ میں تسلیم کر چکے ہیں ،اس موقع پر چوہدری محمد یسیٰن نے چیئرمین سویٹ ہومز زمرد خان کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ زمرد خان ایک نامور سیاسی رہنماء ہیں لیکن فلاحی کاموں کے حوالے سے ان کی خدمات اور دہشت گردی و زلزلے میں بے سہارا ہونے والے بچوں کے لیے سویٹ ہومز کا قیام ان کی حب الوطنی ہے اور ان کی کاوشوں سے سویٹ ہومز میں آج 3500بچے پرورش پا رہے ہیں ،ہم حکومت پاکستان بالخصوص وزیر اعظم پاکستان ،آرمی چیف اور دیگر سیاسی رہنماؤں سے اپیل کرتے ہیں کہ خبیب فاؤنڈیشن ،سویٹ ہومز جیسے اداروں کی بھرپور مالی مدد کر کے اس کار خیر میں حصہ لیں اور ندیم احمد خان کے قافلے میں شامل ہو کر ان بے سہارا بچوں کی بھرپور مدد کریں جو گلگت سے کراچی تک ہمیں پکار رہے ہیں ،چوہدری محمد یسیٰن نے یوم یتامیٰ کے پروگرام کو کامیاب بنانے پر میڈیا کے نمائندوں کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا ۔

متعلقہ عنوان :