پاکستان حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے پرعزم ،سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے،ممنون حسین

پاکستانی عوام ،حکمران سعودی عرب کیلئے خصوصی جذبات رکھتے ہیں، وہاں میں موجود پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کررہے ہیں، صدر مملکت کی امام کعبہ سے گفتگو یقین ہے سعودی عرب پر مشکل وقت آیا تو پاکستان پیچھے نہیں ہٹے گا، الشیخ ڈاکٹر خالد الغامدی کا خیبرپختونخوا میں بارشوں، طوفان سے ہونیوالے جانی ومالی نقصان پر اظہار افسوس

پیر 27 اپریل 2015 17:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان حرمین شریفین کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے۔ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے، اس میں کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیے۔ امام کعبہ الشیخ ڈاکٹر خالد الغامدی نے ایوان صدر میں صدر مملکت ممنون حسین سے ملاقات کی ۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکمران سعودی عرب کیلئے خصوصی جذبات رکھتے ہیں۔

پاکستانیوں کے دل سعودی عرب کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جو چیز سعودی عرب کے لیے اچھی ہے وہ پاکستان کے لیے بھی اچھی ہے اور جو چیز سعودی عرب کے لیے اچھی نہیں وہ پاکستان کے لیے بھی اچھی نہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد سعودی عرب میں موجود ہے جو دونوں ملکوں کے درمیان پل کا کردار ادا کررہی ہے۔

(جاری ہے)

امام کعبہ الشیخ ڈاکٹر خالد الغامدی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے تعلقات ہیں جن کی بنیادیں بہت مضبوط ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستانی عوام میں حرمین شریفین اور سعودی حکومت کے ساتھ محبت میں کوئی شک نہیں ہے۔ دونوں ملکوں کے تعلقات میں کوئی دراڑ نہیں آسکتی، دونوں ملکوں کے مقاصد ایک ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام طبقات حرمین شریفین کی حفاظت کے لیے پرعزم ہیں۔ امام کعبہ نے کہا کہ انھیں یقین ہے کہ اگر سعودی عرب پر مشکل وقت آیا تو پاکستان پیچھے نہیں ہٹے گا۔

اس موقع پر امام کعبہ نے خیبر پختون خوا میں بارشوں اور طوفان سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ ملاقات کے بعد صدر مملکت ممنون حسین اور امام کعبہ نے تحائف کا تبادلہ بھی کیا۔ امام کعبہ الشیخ ڈاکٹر خالد الغامدی نے ایوان صدر اسلام آباد میں نماز ظہر کی امامت کی جس میں صدر مملکت ممنون حسین سمیت ایوان صدر کے افسروں اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نماز کے بعد امام کعبہ نے سورۃ الضحیٰ کی تلاوت کی اور پاکستان کے استحکام، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی۔ امام کعبہ نے سعودی عرب کی سالمیت اور استحکام اور امت مسلمہ کے اتحاد اور یکجہتی کیلئے بھی خصوصی دعا کی۔ امام کعبہ نے صدر مملکت کی صحت اور درازی عمر کیلئے بھی دعا کی۔