حکومت نے معیاری تعلیم کے حصول کو یقینی بناکر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے،انجینئر بلیغ الرحمان

تعلیم ہی سے ملک کی تقدیر سنور سکتی ہے، حکومت تعلیمی معیار کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرے، پاکستان کا روشن مستقبل معیاری تعلیم کے حصول سے وابستہ ہے جو نوجوان نسل میں فکری رجحانات کو سمت فراہم کرسکتی ہے، وزیر مملکت تعلیم وپروفیشنل ایجوکیشن

پیر 27 اپریل 2015 17:32

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء) وزیر مملکت برائے تعلیم وپروفیشنل ایجوکیشن انجینئر بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت نے معیاری تعلیم کے حصول کو یقینی بناکر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے تعلیم ہی سے ترقی ممکن ہے جس سے اس ملک کی تقدیر سنور سکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج کوئٹہ میں دو روزہ پانچویں بین الصوبائی وزراء تعلیم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نہ صرف بہترین تعلیمی سہولیات مہیا کرے بلکہ تعلیمی معیار کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگی کرے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان کا روشن مستقبل معیاری تعلیم کے حصول سے وابستہ ہے جو نوجوان نسل میں فکری رجحانات کو سمت فراہم کرسکتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ یہ لازم ہے کہ تربیت پر بھی غور کیا جائے اور تعلیم کو عصری تقاضوں اور ہماری نظریاتی اساس کے مطابق ہم آہنگ ہونا چاہیئے انہوں نے کہا کہ اگر ہم تعلیمی اہداف حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نصاب پر نظرثانی کرنا پڑے گی انجینئر بلیغ الرحمان نے کہاکہ آئین کے مطابق نصاب تعلیم اب مکمل طور پر صوبائی حکومتوں کا معاملہ ہے اور آئین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے بین الصوبائی وزراء تعلیم کانفرنس کے فورم پر وفاق اور صوبائی حکومتیں ملکر نصاب تعلیم تشکیل دیں تاکہ آپس میں رابطہ بھی نہ ٹوٹے اور حکومتیں اپنے علاقہ کے حقائق اور ضروریات کے مطابق اپنے نصاب تعلیم میں چیزیں شامل کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی رابطہ وزراء تعلیم کانفرنس کا فیصلہ اتفاق رائے سے کیا گیا ہے اور اس بارے میں وفاق اور تمام صوبائی حکومتیں اس بات پر متفق ہے کہ ملک میں شرح تعلیم 100%تک بڑھایا جائے انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی تعلیم کے حصول کے بغیر ناممکن ہے کانفرنس سے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، تعلیم کے صوبائی مشیر سردار رضا محمد بڑیچ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر وزیر تعلیم گلگت بلتستان فوزیہ سلیم آزاد جموں کشمیر کے وزیر تعلیم محمد مطلوب انقلابی صوبائی سیکرٹری تعلیم عبدالصبور کاکڑ سیکرٹری کالجز غلام محمد صابر اور ماہرین تعلیم بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :