وزیراعظم آزادکشمیر چودھری عبدالمجید کی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے ملاقات

کوہالہ سے مظفرآباد تک دریائے جہلم کی حدود میں دو رویہ سڑک بنانے پر اتفاق مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بسنے والے آزاد کشمیر میں تعلیم اور صحت کی سہولیات سے مستفید ہو نگے،چودھری عبدالمجید کے پی کے میں طوفان اور بارشوں میں ہونے والی جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس

پیر 27 اپریل 2015 17:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدکی تجویز پر صوبہ خیبر پختونخواہ کی حکومت نے کوہالہ سے مظفرآباد تک دریائے جہلم کے کے پی کے کی حدود میں دو رویہ سڑک بنانے پر اتفاق کر لیا ہے تاکہ مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بسنے والے آزاد کشمیر میں موجود تعلیم اور صحت کی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔

اس سڑک کو دو پلوں کے ذریعے موجودہ کوہالہ مظفرآباد سڑک سے ملایا جائے گا۔ پیر کے روز وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک سے ملاقات کی۔ اس موقع پر آزاد کشمیر کے وزیر بحالیات عبدالماجد خان، وزیر مواصلات چوہدری محمد رشید، چیف سیکرٹری عابد علی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر تاشفین، پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی اور سیکرٹری مواصلات بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی توجہ کوہالہ مظفرآباد روڑ کے متوازی دریائے جہلم کے کنارے کے پی کے بسنے والے شہریوں کے لیے صحت اور تعلیم کی سہولیات کے حصول میں مشکلات کی طرف مبذول کروائی اور تجویز پیش کی کہ کوہالہ سے مظفرآباد تک دریائے جہلم کے دوسرے کنارے کے ساتھ بھی دو رویہ سڑک تعمیر کی جائے اور اس سڑک کو موجودہ کوہالہ مظفرآباد سڑک کے ساتھ دو مقامات پر پلوں کے ذریعے ملا دیا جائے تاکہ کے پی کے کے ان دور دراز علاقوں میں بسنے والے غریب لوگ مظفرآباد میں موجود تعلیم اور صحت کی سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکیں۔

وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے فوری طور پر اس سڑک کی تعمیر کا وعدہ کیا۔ ملاقات کے دوران وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے پختونوں کی تحریک آزادی کشمیر کے ساتھ تاریخی وابستگی کے تناظر میں کہا کہ صوبائی حکومت پشاور میں کشمیر سنٹر قائم کرے جس پر وزیر اعلیٰ نے معاملہ پر غور اور جائزہ لینے کا کہا۔

وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے کے پی کے کے آزاد کشمیر سے ملحقہ علاقوں میں سیاحت کے فروغ کیلئے خصوصی اقدامات اٹھانے خاص طور پر ریسٹ ہاؤسز بنانے کا کہا جس پر وزیر اعلیٰ کے پی کے نے ہدایت کی کہ سیاحت کے فروغ کیلئے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر مل کر کام کریں گے۔ وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے کے پی کے میں مقیم کشمیریوں کیلئے ملازمتوں میں خصوصی حصہ دینے پر بھی زور دیا۔

ملاقات کے دوران وزیر بحالیات عبدالماجد خان نے گڑھی حبیب اﷲ اور لوہار گلی سڑک کی تعمیر کیلئے کہا جس پر وزیر اعلیٰ نے منصوبے کا سروے کر کے جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ قبل ازیں ملاقات کے دوران وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے کے پی کے میں طوفان اور بارشوں میں ہونے والی جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس اور ہمدردی کیا اور جان بحق افراد کیلئے دعائے مغفرت بھی کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے نیپال میں ہونے والے تباہ کن زلزلہ کے نتیجہ میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔