پشاور :واحد گڑھی میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد طوفان کی نذر ہوگئے

پیر 27 اپریل 2015 17:11

پشاور :واحد گڑھی میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد طوفان کی نذر ہوگئے

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27اپریل2015ء) پشاور کے نواحی علاقے واحد گڑھی میں طوفانی بارش نے قیامت ڈھا دی ، ایک ہی خاندان کے سات افراد موت کی گہری وادی میں اتر گئے ، مرنے والوں میں ماں اور اس کے چار لخت جگر بھی شامل ہیں ۔ آنسوؤں آہوں اور سسکیوں میں جاں بحق ہونے والوں کو سپرد خاک کر دیا گیا ۔ پشاور میں گزشتہ شب آسمان جیسے پھٹ پڑا ، طوفانی ہوا اور غضبناک بارش نے دکھ اور غم کی نئی داستانیں رقم کردیں ۔

واحد گڑھی کے علاقے میں غریب سبزی فروش شاہ پور کی دنیا ہی اجڑ گئی ۔ شاہ پور کے گھر کی چھت بھی اس طوفان کی تاب نہ لاسکی اور گر گئی ، چھت گرنے سے اس کی اہلیہ اور چار بچے ملبے تلے دب گئے ۔ شاہ پور کے بھائی خان بہادر کے دو بچے بھی ملبے تلے دب کر موت کی وادی میں اتر گئے ۔

(جاری ہے)

مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبہ ہٹایا لیکن ملبے کے نیچے سے زندہ افراد کے بجائے لاشیں ہی نکلیں ۔

مرنے والوں میں ایک بچہ نوماہ کا اور دوسرا چھ ماہ کا تھا ۔ واحد گڑھی میں ہی ایک اور مکان کی چھت گرنے سے ایک بچہ جاں بحق ہوگیا ۔ اس طوفان میں لقمہ اجل بننے والے ان آٹھ افراد کی نماز جنازہ واحد گڑھی میں ہی ادا کی گئی ۔ ایک ساتھ سات جنازے اٹھے تو علاقے میں کہرام مچ گیا ، ہر آنکھ اشکبار ہوگئی اور پورے علاقے میں فضا سوگوار ہوگئی ۔ جاں بحق ہونے والے افراد کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :