آئی جی جیل خانہ جات نے تمام ڈی آئی جیز کو جیلوں کی سکیورٹی، آفیسران کی حاضری اور دیگر معاملات کی چیکنگ کیلئے خصوصی ٹاسک دیدیا

مختلف جیلوں میں غفلت ، لاپرواہی پر اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل سمیت 13ملازمین کو معطل ،سکیورٹی مزید بہتر بنانے کے لئے ہدایات

پیر 27 اپریل 2015 17:11

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء) انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے تمام ڈی آئی جیز کو جیلوں کی سکیورٹی، آفیسران کی حاضری اور دیگر معاملات کی چیکنگ کے لئے خصوصی ٹاسک دیدیا ۔اس ضمن میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز میاں سالک جلال نے ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ کا 24اپریل کو معائنہ کیا۔ ڈیوٹی میں غفلت اور لاپرواہی پر وارڈرمحمد عنصر، ہیڈوارڈر صفدر حسین اور وارڈر محمد مشتاق کو معطل کیا گیا جبکہ سپرنٹنڈنٹ جیل کو سکیورٹی مزید بہتر کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔

نئی سکیورٹی وال کے ساتھ گیٹ پر ایک پکٹ قائم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ۔اسی طرح ڈی آئی جی راولپنڈی ریجن مرزا شاہد سلیم بیگ نے 24 اور 25اپریل کی درمیان شب ڈسٹرکٹ جیل اٹک کا معائنہ کیا۔اس دوران ڈیوٹی سے غفلت اور جیل قوانین کی خلاف ورزی کرنے اور ڈیوٹی میں سستی اور کوتاہی برتنے پر اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل عبدالشکوراورپانچ وارڈرز کامران شہزاد، ساجد ندیم ، بابر ندیم، غلام مرتضیٰ اورتنویر شاہ کو معطل کیا گیا۔

(جاری ہے)

جبکہ سکیورٹی / روشنی کے خاطر خواہ انتظامات نہ ہونے پر سپرنٹنڈنٹ جیل کی سرزنش کی گئی ۔ ڈی آ ئی جی لا ہور ریجن ملک مبشر احمد خان نے 25اور 26اپریل کی درمیا نی شب ڈسٹرکٹ جیل قصو رکا معائنہ کیا ڈیوٹی سے غیر حاضری پر اکرم ہیڈوارڈر اور محمد عاشق وارڈر کو معطل کیا گیا۔ لنگر اسیران ، لاک آؤٹ اور اندرون و بیرون سکیورٹی کے انتظامات چیک کیے گئے ۔

ڈی آئی جی انسپکشن نوید رؤف نے 24اور 25اپریل کی درمیانی شب ڈسٹرکٹ جیل گجرات کا اچانک معائنہ کیا اور سکیورٹی کے انتظامات چیک کیے ۔ ڈی آئی جی فیصل آباد ریجن رانا عبدالرؤف نے 25اپریل کی کی صبح ڈسٹرکٹ جیل جھنگ کا معائنہ کیا ۔ڈیوٹی میں غفلت لاپرواہی اور سستی پر دو وارڈرز کو انتظامی امور پربطور سزاء سنٹرل جیل میانوالی ٹرانسفر کر دیا ۔جبکہ سپرنٹنڈنٹ اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کو سکیورٹی مزید بہتر بنانے کے لئے ہدایات جاری کیں۔

متعلقہ عنوان :