فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی ٹیم طوفان اور بارشوں سے ہونیوالی تباہی کے حوالے سے امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کیلئے پشاور پہنچ گئی

پیر 27 اپریل 2015 16:42

پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء) فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پاکستان کے چیئرمین حافظ عبدالرؤف طوفان اور بارشوں سے ہونے والی تباہی کے حوالہ سے امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کیلئے پشاور پہنچ گئے اور کارکنان کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ جماعةالدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعید کی ہدایات پر شروع کی گئی امدادی سرگرمیوں میں فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی 8ایمبولینس گاڑیوں اور بیسیوں رضاکاروں نے حصہ لیا۔

ایف آئی ایف کے چیئرمین حافظ عبدالرؤف نے پشاور میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا دورہ بھی کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔اس موقع پر جماعة الدعوة کے مرکزی ناظم اطلاعات محمد یحییٰ مجاہد بھی ان کے ہمراہ تھے۔حافظ عبدالرؤف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آندھی،بارش یا دیگر قدرتی آفات اللہ تعالیٰ کی طرف سے آزمائش ہیں۔

(جاری ہے)

ایسے حالات میں متاثرہ بھائیوں کی مدد کرنا ہر مسلمان کا شرعی فریضہ ہے۔

فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی جانب سے امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں۔شدید آندھی سے زخمی ہونے والوں کو فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا جبکہ فرسٹ ایڈ بھی دی گئی۔جاں بحق ہونے والے افراد کی میتو ں کو فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی ایمبولینس گاڑیوں پر انکے گھروں تک پہنچایا گیا اور تدفین کا بندوبست بھی کیا گیا۔

شدید زخمیوں کے لئے جماعة الدعوة کے رضاکار لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں خون کے عطیات بھی دیتے رہے۔حافظ عبدالرؤف نے پشاور میں آندھی و بارش سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے پشاورمیں امدادی رضاکاروں کو ہدایات جاری کیں کہ جہاں کہیں بھی آندھی و بارش سے لوگ متاثرہوئے ہیں ان علاقوں میں پہنچیں اور متاثرین کی ہر ممکن مدد یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ پشاور کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں میں بھی جہاں بارشوں سے تباہی ہو رہی ہے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے رضاکار ان علاقوں میں پہنچ کر ریسکیو کا کام کر رہے ہیں۔حافظ عبدالرؤف نے کہا کہ جماعة الدعوة آزمائش کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ ہے۔

متعلقہ عنوان :