Live Updates

عمران خان کا خیبر پختوا خون میں بارشوں سے جانی ومالی نقصان پر افسوس کا اظہار

پیر 27 اپریل 2015 16:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خیبرپختونخواہ میں بارش کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور مشکلات میں گھرے شہریوں کی فوری اور مکمل معاونت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے مئی 2013کے انتخابات میں کی گئی دھاندلی کی تحقیقات کیلئے چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں قائم جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ بارشوں کے نتیجے میں خیبرپختونخواہ میں جانی و مالی نقصان ہوا ہے وہاں گندم کی تیار فصل کو نقصان پہنچنے کا بھی اندیشہ ہے۔

وفاقی حکومت فوری طور پر گندم کی تیار شدہ فصل کے تحفظ کیلئے اقدامات کرے اور کاشتکاروں کو متوقع نقصان سے محفوظ بنانے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے۔

(جاری ہے)

مئی 2013کے انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کیلئے قائم کمیشن کی کارروائی پر بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ انہیں کمیشن کے رو برو مسلم لیگ (ن) کے وکیل کی جانب سے پیش کیے گئے دلائل پر انتہائی افسوس پہنچا ہے، کیونکہ دھاندلی میں ملوث عدالتی افسران سے پوچھ گچھ کے نتیجے میں عدلیہ کی ساکھ مجروح ہونے کے قطعاً کوئی امکانات نہیں۔

ملک میں آئندہ انتخابات کو صرف اسی صورت میں شفاف بنایا جا سکتا ہے کہ انتخابی اصلاحات کے ساتھ ساتھ مئی 2013کے انتخابات میں دھاندلی کا ارتکاب کرنے والے عناصر کو نہ صرف بے نقاب کیا جائے بلکہ انہیں عبرتناک سزائیں بھی سنائی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کسی ادارے سے وابستہ شخص کی جانب سے کی جانے والی بددیانتی کی تحقیقات سے ادارے کی مجموعی ساکھ کو منسلک کرنا انتہائی نامعقول اور نامناسب بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن آرڈیننس کی رو سے قائم کی گئی اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم کے ذریعے ان 60سے 70حلقوں جن کی نشاندہی پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے جوڈیشل کمیشن کے رو برو اپنے دلائل کے دوران کی، میں نتائج کی جانچ کے ذریعے مئی 2013کے انتخابات میں کی جانے والی دھاندلی اس کی نوعیت اور اس کے مرتکب عناصر کو بے نقاب کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی ریکارڈ پرمشتمل تھیلے دھاندلی کے شواہد سے بھرپور ہیں اور ہفتہ بھر میں ان تمام شواہد کی تحقیقات سے دھاندلی کے مکمل منصوبے کی جانچ ممکن ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :