باردانے کی تقسیم غیر سیاسی بنیادوں پر کی جائے ‘ میاں منظور احمد وٹو

پیر 27 اپریل 2015 16:17

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء)پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے صدرمیاں منظور احمد وٹو نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ باردانے کی تقسیم غیر سیاسی بنیادوں پر کی جائے کیونکہ اِس وقت حکمران جماعت کے ممبران اسمبلی اِسکی تقسیم میں بری طرح مداخلت کر رہے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جو باردانہ بچ جاتا ہے وہ گندم کی خریداری کے مراکز میں سرکاری ملازمین کی کرپشن کی نظر ہو جاتا ہے اور غریب کاشتکار در بدر کی ٹھوکریں کھا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب گندم کی چوتھی فصل ہے جسمیں کاشتکار مسلسل نقصان میں جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چاول، مکئی، آلو اور گنے کے کاشتکار حکومتی کسان دشمن پالیسی کی بدولت پہلے ہی معاشی طور پر تباہ ہو گئے ہیں کیونکہ کاشتکاری پر اٹھنے والے اخراجات پورے نہیں ہو رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حقیقتاً حکومت کاشتکاروں کے مسائل سمجھنے سے عاری ہے اور اسکے ملکی معیشت پر ہونے والے منفی اثرات کا بھی ادراک نہیں رکھتی۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسان اور مزدور خوشحال ہو گا تو بازار سے خریداری کرے گا اور اسطرح معیشت کا پہیہ رواں دواں رہے گا اور اگر اسکی جیب خالی ہو گی تو پھر وہ خریداری نہیں کر سکتا جس سے معیشت کا پہیہ الٹا چلنا شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ زراعت اور معیشت کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔ موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی بدولت چھوٹے دکانداروں کا کاروبار بھی ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔

میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ موجودہ حکومت کی گندم کی پالیسی کو اسطرح تبدیل کیا جائے جس سے کاشتکار کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچنے کے علاوہ اسکے ملکی معیشت پر بھی مثبت اثرات ہوں۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ پیپلز پارٹی کسانوں کے مفاد پر آنچ نہیں آنے دیگی اور انکے معاشی مفادات کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کسانوں کا ساتھ دیا ہے اور دیتی رہے گی اور کسانوں کی جدوجہد میں انکے شانہ بشانہ کھڑی ہو گی۔