کسی بھی خاتون کو محرم کے بغیر سفر حج پر جانے کی اجازت نہیں

پیر 27 اپریل 2015 16:10

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء) گورنمنٹ سکیم کے تحت ملک بھر میں 10قومی بینکوں کی نامزد شاخوں کے ذریعے حج درخواستوں کی وصولی شروع ہو گئی ۔حج پالیسی کے تحت کسی بھی خاتون کو محرم کے بغیر سفر حج پر جانے کی اجازت نہیں ۔ فقہ جعفریہ اور یا اہل سنت کے تمام مسالک کی خواتین کے ساتھ شرعی محرم کا سفر کرنا ضروری ہے۔ حج درخواستیں جمع کرنے والے بینک افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنی مرضی سے کسی اجنبی عورت کو حاجیوں کے کسی گروپ میں شامل نہ کریں ۔

حج پر جانے والے مرد کسی ایسی خاتون کا محرم بننے سے گریز کریں جس کے وہ شرعی محرم نہیں ۔ایک محرم کے ساتھ زیادہ سے زیادہ چار خواتین سفر حج کر سکتی ہیں۔شرعی رشتہ کی کوڈ لسٹ بینکوں کو مہیا کر دی گئی ہے ۔شرعی محرم میں شوہر، والد، بھائی ، بیٹا، دادا، نانا، سسر، چچا، ماموں ، بھتیجا ، بھانجا ، پوتا، نواسا اور داماد شامل ہیں۔

(جاری ہے)

خواتین عازمین حج درخواست فارم کے متعلقہ خانے میں محرم کے ساتھ شرعی رشتہ اور شرعی رشتہ کا کوڈ درج کریں‘ محرم کا حج درخواست نمبر متعلقہ خانے میں درج کریں اور محرم سے دستخط کروائیں۔

نا آشنا مردوں کو عورتوں کا محرم بنا نا غلط ہے ۔جعلی محرم سعودی عرب پہنچ کر اپنے ساتھ آنے والی ان خواتین کی مدد اور دیکھ بھال نہیں کر سکتے ، یہ خواتین خود بہت سے کام خود انجام نہیں دے سکتیں ‘ اس طرح حج کے سفر میں ان کے لئے مزید مشکلات پیدا ہو جاتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :