پاکستان ایک ایٹمی ذمہ دار ملک ہے ، بھارت سے کشمیر سمیت تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے ‘ رانا محمد اقبال

پیر 27 اپریل 2015 16:10

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء) قائمقام گورنرپنجاب رانا محمد اقبال خان نے کہا ہے کہ پاکستانی زندہ قوم ہیں جو چیلنجز کو مواقعوں میں تبدیل کرنا خوب جانتے ہیں ، حکومت اور عوام کے تعاون سے ہم انشاء اللہ بہت جلد پاکستان کو درپیش بحرانوں سے نکال لیں گے اور پاکستان کو صف اول کی قوموں میں شامل کر یں گے،پاکستان ایک ذمہ دا ر ایٹمی ملک ہے جو اپنے ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات کاخواہاں ہے اور بھارت سے بھی کشمیر سمیت اپنے تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے پاکستان نیشنل فورم کے20 رکنی وفدسے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے کرنل اکرام (ر) کی سربراہی میں گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر پنجاب سے ملاقات کی ۔قائمقام گورنر پنجا ب نے کہا کہ مختلف شعبوں میں ملک و قوم کی خدمت کرنے والے ماہرین اور دانشور ہمارا حقیقی سرمایہ ہیں جنہیں ملک کو حقیقی فلاحی مملکت بنانے کے لیے اپنی تجاویز دینا چاہئیں ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ پاکستان کو قائداعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان بنانے کے لیے ہمیں ہر قسم کے ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر محنت ، خدمت ، امانت اور دیانت کو اپنا شعار بنانا چاہیے۔ انہو ں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے موثر اقتصادی پالیسی دے کر معاشی ترقی کی سمت متعین کر دی ہے اور بہت جلد پاکستان ترقی کے اعتبار سے دنیا میں ممتا ز مقام حاصل کر لے گا۔

انہو ں نے کہا کہ چین کے سربراہ مملکت کے حالیہ دورہ پاکستان اور چھیالیس ارب ڈالر کے معاہدے دونوں ملکوں کے درمیاں اقتصادی شراکت داری کا مثالی ثبوت ہیں جس سے ہماری آنے والی نسلیں مستفید ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پاکستان نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے اب بھارت کو بھی چاہیے کہ وہ اس حوالے سے مثبت ردعمل اختیار کرے۔

قائمقام گورنر پنجاب نے پاکستان نیشنل فورم میں شریک مختلف شعبوں کے ماہرین کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ انہیں مختلف محاذ پر حکومت کی رہنمائی کرتے ہوئے اپنی تجاویز دینی چاہئیں ۔ اس موقع پر کرنل(ر) اکرام اللہ نے فورم کی سرگرمیوں اور مختلف اہم قومی معاملات پر فورم کی طرف سے مرتب کی جانے والی سفارشات کے بارے میں آگاہ کیا ۔