پشاور اور گرد و نواح میں موسلادھار بارش کا سلسلہ دوسرے روز جاری، چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ، 9زخمی

پیر 27 اپریل 2015 14:21

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء) پشاور اور گرد و نواح میں موسلادھار بارش کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا‘ ناصر پور منڈی میں دکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 9زخمی ہوگئے‘ زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا‘ دو روز سے جاری بارشوں اور طوفان سے پشاور میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 31 جبکہ خیبرپختونخوا میں 46 ہوگئی ‘ 250 سے زائد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں ہونے والی موسلادھار بارشوں کا سلسلہ دوسرے روز پیر کو بھی جاری رہا شدید بارشوں اور طوفان سے سب سے زیادہ پشاور‘ چارسدہ اور نوشہرہ سمیت گرد و نواح کے علاقے متاثر ہوئے پیر کو بھی پشاور میں بارش کے باعث ناصر پور منڈی کے علاقے میں دکان کی چھت گر گئی ملبے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق جبکہ نو زخمی ہوگئے زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا دو روز سے جاری بارشوں میں اکتیس جبکہ مجموعی طور پر خیبرپختونخوا میں 46 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ حادثات میں دو سو پچاس سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

موسلادھار بارش سے پشاور کے چوک ناصر خان‘ سورے پل‘ پیپل منڈی‘ قصہ خوانی سمیت کئی علاقے زیر آب آگئے ڈپٹی کمشنر پشاور ریاض محمود کے مطابق بارش متاثرین کے لئے کھانے کی دو سو دیگیں پکوا کر پہنچا دی گئی ہیں نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لئے سروے کا حکم دے دیا ہے جاں بحق افراد کے لواحقین کو اپنچ لاکھ روپے کی امدادی رقم دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :