پاک چین دوستی لازوال ہے ، بلدیاتی انتخابات میں مقامی سطح پر مسلم لیگی کارکنوں کو آگے لایا جائے گا ‘ بلال یاسین

پیر 27 اپریل 2015 14:04

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کی دوستی لازوال ہے جس کی مثال دنیا بھر میں نہیں ملتی ، پاک چین کے اربوں روپے کے معاہدوں سے ملک میں خوشحالی کا نیا دور شروع ہو گا اور آنے والے وقتوں میں پاکستان اشیاء کا ٹائیگر ہو گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے رہنما باؤ رفیق گجر کی جانب سے دیئے گئے استقبالیے کے موقع پر کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ ز میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات سے یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ مسلم لیگ (ن) آج بھی میاں نواز شریف کی قیادت میں ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے ، آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھی مسلم لیگ (ن) ہی پورے ملک سے کامیاب ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ اپنے کارکنوں کو ساتھ لے کر چلی ہے جس طرح 2013ء کے عام انتخابات میں کارکنوں کو پارٹی ٹکٹیں دی گئیں اسی طرح بلدیاتی انتخابات میں بھی مقامی سطح پر مسلم لیگی کارکنوں کو آگے لایا جائے گا ۔