ملک بھر میں حج درخواستوں کی وصولی شروع ہوگئی

پیر 27 اپریل 2015 13:49

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء ) ملک بھرمیں حج درخواستوں کی وصولی شروع ہوگئی ہے۔سرکاری اسکیم کے تحت حج2015 کے لیے درخواستوں کی وصولی پیر 27 اپریل سے شروع ہوگئی ہے جو 8مئی تک جاری رہے گی، جن پر قرعہ اندازی چودہ مئی کو ہوگی۔حج درخواستیں 10بینکوں جن میں نیشنل بینک آف پاکستان، حبیب بینک، الائیڈبینک، یونائیٹڈ بینک، ایم سی بی، زرعی ترقیاتی بینک، بینک الفلاح، میزان بینک، حبیب میٹروپولیٹن بینک اوربینک آف پنجاب شامل ہیں۔

اس سال پاکستان سے ایک لاکھ43ہزار 368 عازمین حج کے لیے روانہ ہوں گے جن میں سے 50فیصد سرکاری اسکیم جبکہ 50 فیصد پرائیویٹ ٹورآپریٹرز کے تحت جائیں گے۔ 50فیصد عازمین براہ راست مدینہ منورہ جبکہ 50فیصد جدہ جائیں گے۔وزارت کے مطابق 5 سال کے دوران حج کرنے والے افراد اس بار نہیں جاسکیں گے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے پاس نادرا کا جاری کردہ قومی شناختی کارڈ، 31مارچ 2016 تک کارا?مد مشین ریڈایبل پاسپورٹ یا پاسپورٹ بنوانے کے لیے جمع کرائی جانے والی درخواست کی رسید، ہلکے نیلے رنگ کے پس منظر میں 3 .4سینٹی میٹر سائز کی 12تصاویر اور واجبات کی رقم ہوناضروری ہے، خواتین اپنا سر، بال، کان اور گلا ڈھانپ کرتصویر بنوائیں۔

ہر حاجی کے پاس سعودی عرب میں تقریباً 40دن قیام کے دوران روزمرہ اخراجات اور قربانی وغیرہ کے لیے کم ازکم 2ہزار ریال کا انتظام ہونا بھی ضروری ہے، جس کا بندوبست حاجی کو خود کرنا ہے۔ حاجی کے صحت مند اور سفر کے قابل اور کسی بیماری میں مبتلا نہ ہونے سے متعلق درخواست فارم پر بنے ہوئے سرٹیفکیٹ کو کسی سرکاری اسپتال کے مستند ڈاکٹر سے تصدیق کرانا بھی ضروری ہے۔وزارت مذہبی امور کے مطابق اس سال عازمین حج کے لیے قربانی کرنا اختیاری قراردیا گیا ہے، حاجی قربانی کا انتظام خود کرسکتے ہیں، وزارت کے ذریعے قربانی کرانے کی صورت میں حج واجبات کی رقم کے ساتھ مبلغ 14ہزار 210روپے مزید جمع کرانا ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :