آپریشن کی وجہ سے کراچی کے حالات بہت حد تک بہتر ہوئے ہیں،محمد اسماعیل راہو

پیر 27 اپریل 2015 13:05

کوٹ غلام محمد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء) مسلم لیگ ن کے صدر محمد اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ کراچی میں آپریشن بلاامتیاز کیا جارہا ہے اور اس آپریشن کی وجہ سے کراچی کے حالات بہت حد تک بہتر ہوئے ہیں۔ یہ بات انہوں نے کوٹ غلام محمد پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات وقت مقررہ پر ہی ہوں گے اور مڈٹرم انتخابات نہیں ہوں گے۔

مڈٹرم انتخابات کی باتیں کرنے والے خوامخواہ واویلا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ملک کی مقبول ترین جماعت ہے اور کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کی شاندار کامیابی اس کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن پورے سندھ سے الیکشن میں حصہ لے گی اور کامیابی حاصل کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن پر ہمیں اعتماد ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں کوئی اختلافات نہیں ہیں اور تمام مسلم لیگ ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور میں بجلی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اداروں میں کوئی کرپشن نہیں ہے جبکہ سندھ کی حکومت میں کرپشن زوروں پر ہے۔ نوکریاں بیچی جارہی ہیں اور سندھ میں مختلف اداروں میں کرپشن کی جارہی ہے اور پلاٹوں پر قبضے کئے جارہے ہیں اور سندھ کی زراعت کو جان بوجھ کر تباہ کیا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد صوبوں کے معاملات میں وفاق کی مداخلت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن عوام کی حمایت سے آئندہ انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ چین کے صدر کے دورے کے موقع پر جو معاہدے ہوئے اس سے پورا پاکستان ترقی کرے گا اور تمام صوبوں میں خوشحالی آئے گی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سید شاہ محمد شاہ، اسلم ابڑو، قمرالزماں راجپر، ڈاکٹر شام سندر، احسان سومرو، عدنان قائم خانی، خالد شیخ، شاہنواز راجپر، میر فتح اللہ بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :