وزیراعظم کی کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کے پرامن اور کامیاب انعقاد پر پوری قوم کو مبارکباد، بلدیاتی ادارے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے اور جمہوریت کے استحکام کیلئے جمہوری نرسری ثابت ہوں گے ، چاروں صوبوں میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی موجودہ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کی توثیق ہے ،پاکستان کے عوام کے بہترین مفاد میں بلدیاتی اداروں سمیت تمام اداروں کی مضبوطی اور جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں ،نواز شریف کا بیان

اتوار 26 اپریل 2015 22:56

وزیراعظم کی کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کے پرامن اور کامیاب ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 اپریل۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے ملک بھر میں کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کے پرامن اور کامیاب انعقاد پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی ادارے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے اور جمہوریت کے استحکام کیلئے جمہوری نرسری ثابت ہوں گے ، چاروں صوبوں میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی موجودہ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کی توثیق ہے ،پاکستان کے عوام کے بہترین مفاد میں بلدیاتی اداروں سمیت تمام اداروں کی مضبوطی اور جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں۔

اتوار کو اپنے تہنیتی پیغام میں وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ عوام کی طرف سے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کا عمل ملک میں جمہوریت کیلئے نیک شگون ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے تمام امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ منتخب ارکان دلجمعی کے ساتھ پاکستان کے عوام کی خدمت کریں گے۔ وزیراعظم نے مسلم لیگ (ن) کے سربراہ ہونے کے ناطے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ چاروں صوبوں میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی موجودہ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کی توثیق ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ 2013ء کے عام انتخابات میں جن لوگوں نے مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیئے تھے انہوں نے مسلم لیگ (ن) پر اپنے اعتماد کا تسلسل برقرار رکھا ہوا ہے جو پاکستان کے عوام کی سماجی، معاشی حالت بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ پاکستان کے عوام کے بہترین مفاد میں بلدیاتی اداروں سمیت تمام اداروں کی مضبوطی اور جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں۔