بنگلہ دیش کے خلاف شکست شرمناک اور پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا بدترین مقام ہے ، رمیز راجہ

اتوار 26 اپریل 2015 21:40

بنگلہ دیش کے خلاف شکست شرمناک اور پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا بدترین مقام ..

دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 اپریل۔2015ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کمنٹیٹر رمیز راجہ نے بنگلہ دیش کے خلاف شکستوں کو شرمناک اور پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا بدترین مقام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہشکست کی وجہ پاکستان کی پرانی اور دقیانوسی 80 اور 90 کی دہائی کی سوچ ہے، جس کے تحت وکٹیں محفوظ رکھ کر آخری دس اوورز میں تیز کھیلنے کی حکمت عملی پر چلا جا رہا ہے۔

پاکستان کے پاس ٹیلنٹ نہیں آ رہا جو ماضی میں آیا کرتا تھا اور اگر کوئی باصلاحیت کھلاڑی آتا بھی ہے تو ٹیم مینجمنٹ اسے صحیح طریقے سے استعمال نہیں کرتی، ٹیسٹ سیریز میں پاکستانی ٹیم پر خود کو ازسر نو دریافت کرنے اور بنگلہ دیش کو ٹیسٹ سیریز میں فتح سے دور رکھنے کا دباوٴ ہو گا۔۔ غیر ملکی ویب سائٹ کو انٹرویو میں رمیز راجہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے نئے آئیڈیا کی کمی اور ملکی کرکٹ کی کوئی سمت متعین نہ ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

سابق کپتان نے کہا کہ شکست کی وجہ پاکستان کی پرانی اور دقیانوسی 80 اور 90 کی دہائی کی سوچ ہے جس کے تحت وکٹیں محفوظ رکھ کر آخری دس اوورز میں تیز کھیلنے کی حکمت عملی پر چلا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس اب وہ ٹیلنٹ نہیں آ رہا جو ماضی میں آیا کرتا تھا اور اگر کوئی باصلاحیت کھلاڑی آتا بھی ہے تو ٹیم مینجمنٹ اسے صحیح طریقے سے استعمال نہیں کرتی۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے کھلاڑی ڈرپوک اور ان کی ذہنیت بہت محدود ہے، وہ تکنیکی اور ذہنی مسائل کا شکار ہیں اور یہ نہیں جانتے کہ اننگ کس طرح بنائی جاتی ہے۔قومی ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کو جارحانہ انداز اپنانے اور مجموعی حکمت عملی بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے پاکستان کو انڈین پریمیئر لیگ کی طرز پر اپنی لیگ بھی لانچ کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ اس سے کھلاڑیوں کھیل کو بہتر طریقے سے سمجھنے کا موقع ملے گا۔

رمیز نے کہا کہ مجھے خدشہ تھا کہ سعید اجمل اور محمد حفیظ نئے ایکشن کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ میں پہلے کی طرح موثر ثابت نہیں ہو سکیں گے۔انہوں نے سیریز میں پاکستان کے لیے واحد مثبت پہلو نئے کپتان اظہر علی کو قرار دیا جو سیریز میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری کے ساتھ پاکستان کے سب سے کامیاب بلے باز رہے۔قومی ٹیم کے سابق کپتان نے ٹیسٹ سیریز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش اپنا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کرے گا کیونکہ یہ ان کے پاس تاریخ رقم کرنے کا سنہری موقع ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم اس وقت انجریز اور شکستوں سے بری طرح متاثر ہے اور یہ بہت بڑا چیلنج ہو گا، ڈرامائی طور پر تبدیلی کافی مشکل ہے کیونکہ کوچنگ اسٹاف کے ساتھ ساتھ اکثر کھلاڑی بھی وہی ہیں۔