ترک کمپنی” البراک،، کے تعاون سے راولپنڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (کل ) صفائی مہم کا باقاعدہ آغاز کرے گی

اتوار 26 اپریل 2015 17:35

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26اپریل۔2015ء) ترک کمپنی” البراک،، کے تعاون سے راولپنڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کل 27 اپریل بروز سوموار سے صفائی مہم کا باقاعدہ آغاز کرے گی،صبح 9 بجے کمشنر راولپنڈی کیپٹن(ر) زاہد سعید ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے ہمراہ لیاقت باغ میں صفائی مہم کا افتتاح کریں گے اور بعد ازاں لیاقت باغ سے گوالمنڈی چوک تک خصوصی واک بھی ہوگی اس سلسلے میں شہریوں میں صفائی سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لئے تشہیری مہم کے علاوہ سیمینارز بھی منعقد کئے جائیں گے ۔

راولپنڈی سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے چیئرمین راجہ حنیف ایڈوکیٹ ایم پی اے نے شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ کھلے عام کوڑا کرکٹ نہ پھینکیں اور صحت و صفائی کا خصوصی خیال رکھیں اور کوڑے سے بھرے شاپر نالیوں یا اوپن پلاٹ میں بھی نہ پھینکیں،انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کی ہدایت پر تعلیم اورصحت و صفائی کے پروگرامز پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے،معاشرہ پڑھا لکھا اور صحت مند ہوگا تو شہریوں میں صفائی سے متعلق شعور بھی اجاگر ہوگا جس سے ہر علاقے میں خوشحالی آئیگی ڈینگی سمیت متعدد موذی امراض سے بچا جاسکے گا،انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں میں صفائی سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لئے تشہیری مہم کے علاوہ خصوصی واک اور سیمینارز منعقد کئے جائیں ، تاجر برادری اور سول سوسائٹی سمیت مختلف مکتبہ فکر کے افراد کواعتماد میں لیا جائے،موجودہ حکومت ہر ممکن طریقے سے دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے،انہوں نے کہا کہ ہم عوام کو سہولیات کی فراہمی سے متعلق کسی صور ت غافل نہیں ہیں جہاں تک ممکن ہوسکاکئی گنا آگے بڑھ کر عوامی خدمت کے مشن کو ہر صورت پورا کریں گے،راجہ حنیف ایڈوکیٹ ایم پی اے نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان جلد ترقی یافتہ اقوام کی صف میں کھڑا ہو گا پاکستانی قوم کسی سے پیچھے نہیں بس گوں ناگوں مسائل اور دہشت گردی جیسے بڑے واقعات نے ہماری قومی یکجہتی اور معیشت کو اذیت ناک جیسی صورت حال سے دو چار کیااب اللہ کے فضل سے اور میاں برادران کی مخلصانہ جدوجہدکے نتیجے میں وطن عزیز سے نہ صرف دہشت گردی کا خاتمہ ہو گابلکہ اس ملک کا ہر فرداور ہر شہری ایک نئے اور خوشحال پاکستان میں باعزت زندگی گزارنے کے ساتھ ساتھ اپنی مملکت خدادادپروالہانہ فخر کر سکے گا۔

(جاری ہے)

دریں اثناء راولپنڈی سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے ایم ڈی عرفان قریشی نے صفائی مہم کے سلسلے میں تمام اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں،آپریشن منیجر محمد حسنین سمیت چاروں سیکٹروں کے متعلقہ چیف سینیٹری انسپکٹروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ صفائی مہم میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائیگی۔