Live Updates

والٹن کی وارڈ نمبر 9میں ووٹوں کی گنتی کے دوران مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں مسلح تصادم ،9کارکن زخمی

فائرنگ میں ملوث چار افراد کو گرفتار کر لیا ،پولیس/وزیر اعلیٰ اور چیف الیکشن کمشنر نے نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کر لی عمران خان کو مینڈیٹ کا احترام کرنا سیکھنا چاہیے ،’’ وہ ‘‘ کہتے تھے بدلہ لیں گے لیکن ہم بدلہ نہیں لیں گے‘ وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق

ہفتہ 25 اپریل 2015 22:49

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات میں والٹن کی وارڈ نمبر 9میں ووٹوں کی گنتی کے دوران مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں مسلح تصادم کے نتیجے میں 9کارکن زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے جنرل ہسپتال داخل کرا دیا گیا ،پولیس کے مطابق فائرنگ میں ملوث چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے ،وزیر اعلیٰ پنجاب اور چیف الیکشن کمشنر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کر لی ، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان کو مینڈیٹ کا احترام کرنا سیکھنا چاہیے ، ’’ وہ ‘‘ کہتے تھے بدلہ لیں گے لیکن ہم بدلہ نہیں لیں گے ،کامیابی پر جشن نہیں منائیں گے بلکہ اﷲ کے حضور سر جھکائیں گے۔

گزشتہ روز کنٹونمنٹ کے تمام بورڈز میں سارا دن پولنگ کا عمل پر امن طریقے سے جاری رہا ۔

(جاری ہے)

شام کے وقت ووٹوں کی گنتی کے دوران والٹن کی وارڈ نمبر 9چونگی امر سدھو میں مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں نعرے بازی کے بعد مسلح تصادم ہو گیا جسکے نتیجے میں 9کارکن زخمی ہو گئے ۔اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اور ریسکیو 1122کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے زخمیوں کو جنرل ہسپتال منتقل کیا ۔

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق‘ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق‘ پارلیمانی سیکرٹری صحت خواجہ عمران نذیر ‘ سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) امین وینس ‘ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف اور دیگر بھی جنرل ہسپتال پہنچ گئے ۔ ڈاکٹروں کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم انہیں ایمر جنسی میں رکھ کر طبی امداد دی جارہی ہے ۔

ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق فائرنگ کے واقعہ میں ملوث چار افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بھی فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر نے بھی لاہور اور راولپنڈی میں فائرنگ کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اب عمران خان کو جھوٹ کی فیکٹری کو بند کردینا چاہیے ، انکے الزام کی دھول اب بیٹھ چکی ہے ۔ این اے 125میں دھاندلی کے جھوٹ کو بلدیاتی انتخاب کے نتائج نے جھٹلا دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو مینڈیٹ کا احترام کرنا سیکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ میں ملوث ملزمان کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات