Live Updates

سچے جذبوں کیساتھ کیا جانے والا عمل ہی سیاسی کامیابی کی ضمانت ہے، اشتیاق ارمڑ

پی ٹی آئی نے ماضی کی خود غرضی کی سیاست کو دفن کر کے ملک کی ترقی اور عوام کی خدمت کی سیاست کو پروان چڑھایا ہے انہی کامیاب پالیسیوں کی بدولت آج کی با شعور عوام کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے، عہدیداروں سے بات چیت

ہفتہ 25 اپریل 2015 22:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے جنگلات محمد اشتیاق ارمڑ نے کہا ہے کہ ملک و قوم کیلئے سچے جذبوں کے ساتھ کئے جانے والے عمل ہی سیاسی کامیابی کی ضمانت ہیں اور یہی پی ٹی آئی کا منشور بھی ہے۔یہ باتیں انہوں نے آج ارمڑ میں حلقہ پی کے الیون کے پی ٹی آئی کے مقامی عہدیداروں سے اپنی رہائش گاہ پر بات چیت کرتے ہوئے کیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ماضی کی خود غرضی کی سیاست کو دفن کرتے ہوئے ملک کی ترقی اور عوام کی خدمت کی سیاست کو پروان چڑھایا ہے اور اپنی انہی کامیاب پالیسیوں کی بدولت آج کی با شعور عوام کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔اشتیاق ارمڑ نے پی ٹی آئی کے مقامی عہدیداروں سے کہا کہ وہ پی ٹی آئی کے منشور کے مطابق عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کی کامیابی انشاء اﷲ یقینی ہو گی کیونکہ اب عوام بھی جان چکے ہیں کہ کون سی پارٹی ملک و قوم کیلئے دیانت دار ، مخلص اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ میدان سیاست میں آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر آج عوام مسائل کی دلدل میں گھرے ہوئے ہیں تو یہ ماضی کے سیاستدانوں کی ناقص منصوبہ بندی اور عدم دلچسپی کے باعث ہے۔

وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی نے کہا کہ صوبے اور ملک کی خوشحالی میں ہم سب کی خوشحالی ہے اور یہ تب ہی ممکن ہے جب ہم سب مل کر ذاتی مفادات کی بجائے اجتماعی مفادات اور ملک و قوم کی ترقی کیلئے عملی کوششیں کریں۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا بھی یہی مقصد ہے کہ عوام کے مقامی نمائندے ان کے مسائل مقامی سطح پر ہی حل کر سکیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :