وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی پشاور میں ایمرجنسی رسپانس فورس کی گاڑی پر بم حملے کی مذمت

ہفتہ 25 اپریل 2015 22:38

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے پشاور میں ایمرجنسی رسپانس فورس کی گاڑی پر بم حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس حملے میں شہید اور زخمی ہونے والے اہلکاروں سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے جاں بحق ہونے والے اہلکار کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج اور اسکے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور اﷲ تعالیٰ سے دعا کی ہے کہ وہ شہید کو اپنے جواررحمت جگہ دے اور پسماندگان کو یہ عظیم صدمہ ہمت اورحوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق دے انہوں نے زخمی اہلکاروں سے بھی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انکی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے انہوں نے زخمیوں کوتمام ضروری طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے بھی متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے دریں اثناء وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے بشام سے کوہستان جانے والی گاڑی دریائے سندھ میں گرنے سے آٹھ افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پربھی گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا ہے اپنے ایک تعزیتی بیان میں وزیراعلیٰ نے اس افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اﷲ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندانوں کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا کرے آمین۔