الطاف حسین نے الگ صوبے کا مطالبہ کرکے سندھ کی 5 ہزار سالہ تہذیب اور ثقافت پر وار کیا ہے، ایاز لطیف پلیجو

ایم کیو ایم کو جب بھی اندرونی اور بیرونی مسائل کا سامنا در پیش ہوتا ہے تو وہ الگ صوبے کی بات کر کے اصل حقائق سے چشم پوشی کی کوشش کرتی ہے

ہفتہ 25 اپریل 2015 21:56

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) قومی عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایاز لطیف پلیجونے کہا ہے کہ الطاف حسین نے الگ صوبے کا مطالبہ کرکے سندھ کی 5 ہزار سالہ تہذیب اور ثقافت پر وار کیا ہے، ایم کیو ایم کو جب بھی اندرونی اور بیرونی مسائل کا سامنا در پیش ہوتا ہے تو وہ الگ صوبے کی بات کر کے اصل حقائق سے چشم پوشی کی کوشش کرتی ہے۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ کراچی میں جب بھی دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع ہوتا ہے تو سب سے پہلے ایم کیو ایم شور مچاتی ہے اور دہشت گردوں کو سپورٹ فراہم کر کے انہیں قانون کی گرفت سے محفوظ رکھنے کی کوشش کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ کا عوام کسی بھی صورت میں سندھ کو توڑکر الگ صوبہ بنانے کی بات برداشت نہیں کرے گا جو سندھ کو توڑنے کی بات کرکے سندھی اور اردو بولنے والے بھائیوں کے بیچ نفرت کی سیاست کرتا ہے سندھ کے عوام ایسے عناصر کی سازشیں ناکام بنا دیں گے، انہوں نے کہا کہ گذشتہ 68 سال سے ملک اور ملک کی عوام کو کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے دہشت گردی، لاقانونیت، بیروزگاری، بدحالی اور دوسرے مسائل کاسامنا کرنا پڑا ہے حکمرانوں نے ایک منصوبہ بندی کے تحت ملک کے حالات کو بگاڑ کر اپنے ذاتی اور گروہی مفادات حاصل کیئے ہیں، ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ دہشت گردی مہنگائی کرپشن لاقانونیت اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے ملک کے عوام پرامن جمہوری جدوجہدکا ساتھ دیں۔