قوم پرست جماعتیں عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہیں،تحریک انصاف

ملک میں سیاسی اور سماجی انصاف کی فراہمی اور کرپشن سے پاک معاشرہ تحریک انصاف کی اصل منزل ہے، قاسم خان سوری اور دیگر کایوم تاسیس کے حوالے سے منعقدہ جلسے سے خطاب

ہفتہ 25 اپریل 2015 21:42

کوئٹہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) تحریک انصاف کے صوبائی رہنماوں نے کہا ہے کہ قوم پرست جماعتیں عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہیں اور لوٹ مار میں مصروف ہیں انہیں عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ،تحریک انصاف نے کراچی میں دھونس دھمکیوں کے باوجود الیکشن میں حصہ لیا اور فاشسٹ تنظیم کا ڈٹ کرمقابلہ کیا ۔

یہ بات تحریک انصاف کے سابق صدر و مرکزی کور کمیٹی کے ممبر قاسم خان سوری ، سید ظہور آغا، سید بسم اﷲ آغا،عبدالباری بڑیچ ، داؤد خان ، عبدالباری بڑیچ ، خدا بخش لہڑی ، لالا غلام محمد بڑیچ ،اسحاق کرد ، عنایت کاکڑ ،ہمایوں بارکزئی اور دیگر نے سیٹلائٹ ٹاؤن کوئٹہ میں پارٹی کے 19ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

۔ مقررین نے پارٹی چیئرمین عمران خان کی طویل سیاسی اور قانون کی بالادستی کیلئے کی جانے والی جدوجہد کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج تحریک انصاف ملک کی واحد جماعت ہے جو چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں عوام کے اندر اپنا وجود رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں اسی سال شفاف انتخابات کا انعقاد متوقع ہے اور ایسی صورت میں تحریک انصاف کی جیت یقینی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی اور سماجی انصاف کی فراہمی اور کرپشن سے پاک معاشرہ تحریک انصاف کی اصل منزل ہے ہم اقتدار میں آکر ملک کی خود مختاری اور عوام کی عزت نفس کو بحال کریں گے۔ مقررین نے کہا کہ 2013ء کے الیکشن میں عوام کو خوشنما سبز باغ دکھا کر ووٹ حاصل کرنے والی قوم پرست جماعتیں اقتدار میں آکرسب کچھ بھول گئی ہیں ا ورلوٹ مار میں مصروف ہیں انہیں عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2013ء کے انتخابات میں تحریک انصاف نے ملک بھر سے عام انتخابات میں حصہ لیا لیکن ایک سازش کے تحت تحریک انصاف کے امیدواروں کی کامیابی کو ناکامی میں تبدیل کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں کسی بھی سیاسی جماعت نے کراچی میں فاشٹ تنظیم کے خلاف بولنے کی ہمت نہیں کی تحریک انصاف کے قائد وہ واحد لیڈر ہیں جنہیں نے انہیں للکارا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حقوق کی جنگ لڑنے کیلئے نوجوان تحریک انصاف کا ساتھ دیں تاکہ صوبے کے حقوق کا تحفظ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصراپنے مفادات کیلئے بلوچستان میں آباد برادر اقوام کو آپس میں لڑانے کیلئے سازشیں کر رہے ہیں جنہیں ہمیں ملکر ناکام بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف عوام کی طاقت پر یقین رکھتی ہے اور پارٹی عوام کی طاقت سے اقتدار میں آکر کرپٹ حکمرانوں سے ملک کی لوٹی گئی دولت کا حساب لے گی اور ان سے رقم واپس لیکر قومی خزانے میں جمع کرائے گی۔ اس موقع پر پارٹی کے 19ویں یوم تاسیس کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا۔