فاٹا سیاسی اتحاد نے فاٹا کمیشن کا مجوزہ اصلاحاتی ڈرافٹ مسترد کردیا

اصلاحاتی آئین ‘ قانون اور جمہوریت سے متصادم ہے اس پر نظر ثانی کی جائے بصورت دیگر اس کے خلاف بھر پور تحریک چلائی جائے گی،،ہارون الرشید

ہفتہ 25 اپریل 2015 21:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) فاٹا سیاسی اتحاد نے گورنرخیبرپختونخوا کی جانب سے فاٹا کے حوالے سے کمیشن کا مجوزہ اصلاحاتی ڈرافٹ کو مسترد کرتے ہوئے اسے آئین ‘ قانون اور جمہوریت سے متصادم قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ اس پر نظر ثانی کی جائے بصورت دیگر اس کے خلاف بھر پور تحریک چلائی جائے گی ۔ گزشتہ روز فاٹا سیاسی اتحاد کے پلیٹ فارم سے پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی فاٹا ہارون الرشید ‘ اے این پی صدر باجوڑ ایجنسی عطاء اﷲ خان ‘ صدر پی پی پی باجوڑ اورنگزیب خان ‘ صدر پی ایم ایل این حاجی راحت یوسف ‘ رہنماء پی ٹی آئی باجوڑ گل داد خان ‘ جے یو آئی مجاہد خان اور دیگر کا کہنا تھا کہ فاٹا سیاسی اتحاد نے ن لیگ کی وفاقی حکومت اور گورنر خیبر پختونخوا جو ایک منجھے سیاستدان ہیں سے مطالبہ کیا تھا کہ فاٹا میں اصلاحات کئے جائیں جس میں فاٹا ریفارمز کمیشن بنایا گیا جس کے چیئرمین احمد قریشی ہیں اور ممبران میں میر لائق شاہ ‘ سید صباحت حسین ‘ مسرت قدیم اور دیگر شامل ہیں جن کو ہم نے فاٹا میں اصلا حات کے حوالے سے تجاویز دیں تھیں اور ہم پر امید تھے کہ اس تجاویز کے تحت کام کیا جائے گا مگر اس کے برعکس اصلاحاتی ڈرافٹ تیار کیا گیا ہے جو کسی بھی صورت قبول نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے سابق صدر مملکت آصف علی زرداری ‘ جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق سے رابطے کئے ہیں جبکہ عمران خان اور مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر سے بھی رابطے کئے جائیں گے اور اس کے خلاف بھرپور تحریک چلائی جائے گی کیونکہ اس اصلاحاتی ڈرافٹ میں سیاسی ‘ جمہوری ‘ آئینی ‘ تعلیمی حقوق کا جنازہ نکال دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس اصلاحاتی ڈرافٹ کی منظوری تاحال نہیں دی گئی ہے اس کی منظوری دینے سے افراتفری پھیل جائے گی جبکہ کمیشن گورنر خیبر پختونخوا نے بنایا ہے اس لئے وہ سمجھتے ہیں کہ یہ خیالات گورنر خیبر پختونخوا کے ہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 283 دفعات میں ایک دفعہ بھی فاٹا میں نافذ العمل نہیں ہے اور آرٹیکل 247 کے تحت پارلیمنٹ اور عدلیہ کا بھی فاٹا میں اختیار نہیں ہے فاٹا تعلیمی ‘ معاشی اور تعلیمی حقوق سے محروم ہیں کسی کے جان و مال کی عزت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا میں کرپشن ‘ لوٹ مار عروج پر ہے ۔

متعلقہ عنوان :