پاکستان کے دورے پر آئے امام کعبہ فضیلۃ الشیخ الدکتورڈاکٹرخالد الغامدی کا بادشاہی مسجد کا دورہ

سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ، امام کعبہ نے اپنی تقریر کے اختتام سے قبل پاکستان زندہ باد کے تین بار نعرے لگائے

ہفتہ 25 اپریل 2015 21:27

پاکستان کے دورے پر آئے امام کعبہ فضیلۃ الشیخ الدکتورڈاکٹرخالد الغامدی ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے امام کعبہ فضیلۃ الشیخ الدکتورڈاکٹرخالد الغامدی نے بادشاہی مسجد کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے نماز مغرب کی امامت کی۔اس حوالے سے محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کی جانب سے نماز کی ادائیگی اور سیکورٹی کے حوالے سے بہترین انتظامات کئے گئے تھے۔بادشاہی مسجد میں سیکرٹری اوقاف و مذہبی امورشہریار سلطان ، ڈی جی اوقاف و مذہبی امور سید طاہررضا بخاری ، مولانا عبدالخبیر آزاد، علامہ محمد طاہر اشرفی، ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر)عثمان یوسف اور ایس ایس پی لاہور کے علاوہ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کے ساتھ ساتھ مرد و خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی موجودتھی۔

امام کعبہ کی امامت میں ادا کی جانے والی نماز مغرب کے لئے بادشاہی مسجد نمازیوں سے کھچا کھچ بھری ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

نماز مغرب کی ادائیگی کے بعد امام کعبہ نے نمازیوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب دو برادر مسلمان ممالک ہیں،میں اپنے پاکستانی بھائیوں کے لئے محبت، پیار اور خلوص کا پیغام لایا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے اور ہم پاکستان سے بہت پیار کرتے ہیں۔

انہوں نے اپنی تقریر کے اختتام سے قبل پاکستان زندہ باد کے تین بار نعرے بھی لگائے۔قبل ازیں امام کعبہ جب بادشاہی مسجد تشریف لائے تو سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور شہر یار سلطان ، ڈی جی اوقاف و مذہبی امور سید طاہر رضا بخاری ، مولانا عبدالخبیر آزاد اور علامہ محمد طاہر اشرفی نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔

متعلقہ عنوان :