امام کعبہ کی پاکستان آمد باعث برکت و باعث رحمت ہے ‘مولانا فضل الرحمن خلیل

سعودی عرب اور پاکستان یک جان،دو قالب ہیں ،برادر ممالک کے مابین تعلقات کو خراب کرنے کی ہر سازش ناکام بنائی جائیگی

ہفتہ 25 اپریل 2015 21:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) امام کعبہ جناب الشیخ خالد الغامدی کی پاکستان آمد پرانہیں خوش آمدید کہتے ہوئے انصار الامہ پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمن خلیل نے کہاہے کہ امام کعبہ کی آمد وطن عزیز پاکستان کے لیے باعث برکت و باعث رحمت ہے ،سعودی عرب اور پاکستان یک جان اور دو قالب ہیں ،دونوں برادر ممالک کے مابین تعلقات کو خراب کرنے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی اور کہاہے کہ امام کعبہ کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔

گزشتہ روز انصار الامہ پاکستان کے مرکزی میڈیا سیل سے جاری ہونے والے بیان میں مولانا فضل الرحمن خلیل نے کہاکہ پاکستانی قوم کے دل مکہ مدینہ میں دھڑکتے ہیں جو ہمارے عقیدے و ایمان کا مرکز و محور ہیں ،پاکستانی قوم حرمین شریفین کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کو پاکستان پر حملہ تصور کرتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ گر کسی نے سعودی عرب کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تواہل پاکستان اس کے مقابلے کیلئے اٹھ کھڑے ہونگے ،ہمارا جینا مرنا حرمین شریفین کے ساتھ ہے جو کہ ہماری محبتوں اور عقیدتوں کا مرکز ہے ۔

ہمارے جسم پاکستان میں جبکہ روح مکہ مکرمہ اور مدینہ منور ہ میں ہے۔انہوں نے کہاکہ سعودی عرب اسلام اور امن کا قلعہ ہے ہمارے دل سعودی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں ،امام کعبہ کی آمد ہمارے لئے باعث مسرت اور برکت ہے ۔ انہوں نے واضع کیا کہ یمن کے مسئلہ پر سعودی عرب خود کو تنہا نہ سمجھے ،اہل پاکستان حرمین الشریفین کی حفاظت کیلئے اپنی جانیں نچھاور کرنا سعادت سمجھتے ہیں ۔سعودی عرب دنیا میں ہدایت ،عزت اور امن کا مرکز ہے ، سعودی عرب اور پاکستان یک جان دوقالب ہیں جن کی دوستی مثالی ہے اور ہمیشہ قائم رہے گی۔

متعلقہ عنوان :