وزیراعظم نے پنشنروں کے خطوط کے روشنی میں وزیر خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیدی ٗ چیئر مین ای او بی آئی اور سیکرٹری خزانہ بھی شامل

وزیراعظم برطانیہ سے وطن واپسی پرتمام سیاسی جماعتوں کو اقتصادی راہداری پر بریفنگ دیں گے ٗاسحاق ڈار تحفظات دور کرینگے ٗ تمام سیاسی جماعتیں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی کامیابی کے لئے کردار ادا کریں ٗ میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 25 اپریل 2015 21:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) حکومت نے ای او بی آئی ملازمین کی پنشن میں اضافے کا اعلان کردیا ہے ٗاضافے کا اطلاق یکم اپریل سے ہوگا،آدھی رقم حکومت اور آدھی رقم ای او بی آئی ادا کریگاجبکہ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم برطانیہ سے وطن واپسی پرتمام سیاسی جماعتوں کو اقتصادی راہداری پر بریفنگ دیں گے ٗکسی بھی قسم کے تحفظات دور کئے جائینگے۔

پی آئی ڈی میں چیئرمین ای او بی آئی اور وفاقی سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود کے ہمراہ پریس کانفرنسسے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بتایا کہ ای او بی آئی ملازمین کی پنشن میں اضافے کا اعلان کردیا ہے ٗآدھی رقم حکومت اور آدھی رقم ای او بی آئی ادا کریگا پنشن 3600 سے بڑھاکر 5250 روپے کر دی گئی اس پر سالانہ 6 ارب 67 کروڑ روپے اضافی اخراجات برداشت کرنا ہونگے۔

(جاری ہے)

ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پینشن میں اضافے کے معاملے پر بھی غور جاری ہے وزیر خزانہ نے بتایا کہ اضافے کا اطلاق یکم اپریل سے ہوگااور پنشنر اگلے مہینے کی پہلی تاریخ کو یوم مئی کے موقع پر نئی پنشن وصول کریں گے۔انہوں نے کہاکہ اس اقدام کے نتیجے میں تین لاکھ 37 ہزار پنشنروں اور ان کے خاندانوں کو فائدہ ہوگا۔اسحاق ڈار نے کہاکہ اس کیلئے چھ ارب 67 کروڑ روپے خرچ ہوں گے جو وفاقی حکومت اور ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹیٹیوشن فراہم کریں گے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ ای او بی آئی کے پنشنروں کی پنشن میں اضافہ کے حوالے سے وزیراعظم نے پنشنروں کے خطوط کے روشنی میں میری سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جس کے ممبران میں چیئرمین ای او بی آئی، سیکرٹری خزانہ شامل تھے جبکہ اس کمیٹی کے آگے ذیلی کمیٹی بھی بنائی گئی۔ ان کمیٹیوں نے پیشہ وارانہ طور پر کام کیا، ہمارا عزم ہے کہ 18 ویں ترمیم کی روح کے مطابق ای او بی آئی آئین اور قانون کے تحت صوبوں کے حوالے کریں۔

سپریم کورٹ میں بھی یہی موقف پیش کریں گے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے تحت ای او بی آئی کا دائرہ صوبوں تک بڑھا دیاگیا انہوں نے کہا کہ حکومت ہمیشہ کے لئے یہ مسئلہ حل کرنے کی کوششیں کررہی ہے تاہم تب تک پنشنروں کا خیال رکھا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ چینی صدر کا دورہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت پر اعتماد کا عکاس ہے۔

انہوں نے کہاکہ دورہ امریکہ میں تمام عالمی اداروں نے پاکستان کی معیشت کو سراہا، چین نے نواز شریف کے قیادت پر بھر پور اعتماد کااظہار کیا اسحاق ڈار نے کہاکہ وزیراعظم برطانیہ سے وطن واپسی پرتمام سیاسی جماعتوں کو اقتصادی راہداری پر بریفنگ دیں گے۔وزیر خزانہ نے کہاکہ تمام سیاسی جماعتوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی کامیابی کے لئے کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی غیر ملکی دورے سے واپسی پر سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈروں کو بریفنگ دی جائیگی اور کسی بھی قسم کے تحفظات یا اعتراضات دور کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پاک چین راہداری منصوبے کے تحت توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری پر کوئی ٹیکس وصول نہیں کیا جائے گا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت نیپال میں زلزلہ متاثرین کی مدد کے لئے امدادی سامان بھجوانے کی تیاری کر رہی ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے نے اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔