Live Updates

تحریک انصاف واحد ملک گیر پارٹی ہے، آئندہ عام انتخابات میں تحریک انصاف کی حیثیت نوشتہ دیوار ہے،پارٹی رہنماء

قانون کی بالادستی کیلئے عمران خان کی جدوجہد کو زبردست خراج تحسین ، مقررین کا پارٹی کے انیسویں یوم تاسیس پر خطاب

ہفتہ 25 اپریل 2015 21:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے انیسویں یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر 19پاؤنڈ وزنی کیک کاٹا گیا اور پارٹی پرچم لہرانے کی تقریب عمل میں لائی گئی۔ تحریک انصاف کی مرکزی رہنما اور ممبر اسمبلی نفیسہ خٹک، علی نواز اعوان، راجہ جمیل عباسی، چوہدری الیاس مہربان، نعیم خان غلام نبی اور طاہر جمیل نے اس موقع پر پارٹی کارکنان سے خطاب کیا۔

مقررین نے پارٹی چیئرمین عمران خان کی طویل سیاسی اور قانون کی بالادستی کیلئے کی جانے والی جدوجہد کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج تحریک انصاف ملک کی واحد جماعت ہے جو چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں عوام کے اندر اپنا وجود رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

ممبرنیشنل اسمبلی نفیسہ خٹک نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں اسی سال شفاف انتخابات کا انعقاد متوقع ہے اور ایسی صورت میں تحریک انصاف کی جیت یقینی ہے۔

تحریک انصاف اسلام آباد کے رہنما علی اعوان نے کہا کہ ملک میں سیاسی اور سماجی انصاف کی فراہمی اور کرپشن سے پاک معاشرہ تحریک انصاف کی اصل منزل ہے۔ ہم اقتدار میں آکر ملک کی خود مختاری اور عوام کی عزت نفس کو بحال کریں گے۔ اس موقع پر کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات