ٹرانسپورٹرز رہنماؤں کی صوبائی امیر جماعت اسلامی عبدالمتین اخوندازادہ سے ملاقات

ٹرانسپورٹرزاور عوام کے مسائل وپریشانیوں کو دیکھتے ہوئے جماعت اسلامی ثالثی کا بھر پورکردار ادا کریگی ، امیر جماعت اسلامی بلوچستان

ہفتہ 25 اپریل 2015 21:06

کوئٹہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء ) ہڑتالی ٹرانسپورٹرزرہنماؤں کا اعلیٰ سطحی وفد نے چیئرمین عبدالقادر رئیسانی ،صدر میر حکمت لہڑی کی قیادت میں جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹریٹ آکر صوبائی امیر عبدالمتین اخوندزادہ سے ملاقات کی وفد میں ٹرانسپورٹرزرہنماگل محمدجتک ،میر دولت لہڑی ،سیف الدین بڑیچ ،میر سعید لہڑی ،کبیر بازئی ،مرکزی انجمن تاجران کے صدر امرالدین آغا،اختر جان ودیگر شامل تھے اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹری جنرل بشیر احمدماندائی ، میر محمد عاصم سنجرانی ،حاجی عبدالقیوم کاکڑ ودیگر بھی تھے ۔

ہڑٹالی ٹرانسپورٹرزرہنماؤں نے اپنے مطالبات اور مسائل سے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر عبدالمتین اخوندزادہ کو ٹرانسپورٹ اڈے ہزارگنجی منتقلی کے حوالے سے تجاویزومطالبات وتازہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے مسائل کے حل کے حوالے سے تمام اختیارات عبدالمتین اخوندزادہ کو دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مسائل ومشکلات اور پریشانیوں کو دور کرنے کیلئے ہمیں کوئی سہولت فراہم نہیں کیا ٹرانسپورٹ کا شعبہ متاثر ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت ہمیں سہولیات وآسانیاں فراہم کریں تاکہ ہم بھی مسافروں اورعوام کاخصوصی خیا ل رکھیں ۔ اس موقع پر عبدالمتین اخوند زادہ نے کہا کہ ٹرانسپورٹرزاور عوام کے مسائل وپریشانیوں کو دیکھتے ہوئے جماعت اسلامی ثالثی کا بھر پورکردار ادا کریگی تاکہ ٹرانسپورٹرز،مسافر اور عوام کو آسانی وسہولت مل سکے ٹرانسپورٹرزکے ہڑتال کی وجہ سے ہر طبقہ متاثر وپریشان ہے ۔

حکومت عوام ،مسافر اور ٹرانسپورٹرزکے مسائل کو دیکھتے درمیانی راہ لیتے ہوئے فوری مسئلہ حل کرائیں ۔جماعت اسلامی دونوں فریق کے مسائل وپریشانیوں کو دیکھتے ہوئے ثالثی کے ذریعے جلد ہی دیرپا حل نکالیگی ۔ہزارگنجی اڈے میں سہولیات اور عوام وٹرانسپورٹرزکو تحفظ فراہم کرناحکومت کی ذمہ داری ہے ۔ٹرانسپورٹرزبھی صرف ذاتی مالی مفادکے بجائے عوامی مفاد کو ترجیح دیں اورحکومت کے جائز احکامات کو مان کر بلاوجہ مسائل پیدا نہ کریں قبل ازیں جماعت اسلامی کے وفد نے وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے بھی تفصیلی ملاقات کی وزیر اعلیٰ نے جماعت اسلامی کے وفد پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے درمیانی راستہ اور حل نکالنے اور عوام کو ریلیف دینے کی پیشکش کی اس موقع پر صوبائی وزیر وپشتونخواہ میپ کے پارلیمانی لیڈرعبدالرحیم زیارتوال ،نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یاسین بلوچ اور جان محمد بلیدی بھی موجودتھے #

متعلقہ عنوان :