اتحاداہلسنّت وقت کی اہم ضرورت ہے،مفتی بشیرالقادری

جے یوپی اہلسنّت کے وسیع تر اتحاد کے لئے کوشاں ہے، انشاء اﷲ بہت جلد پاکستان کے سنّی متحد پلیٹ فارم پر جمع ہوں گے سیدنا صدیق اکبر ؓ نے حق اور باطل کے درمیان فرق واضح کردیا ، اورنگی ٹاؤن میں منعقدہ صدیق اکبر ؓ کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 25 اپریل 2015 20:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) جمعیت علماء پاکستان کراچی کے جنرل سیکریٹری مفتی محمدبشیرالقادری نورانی نے کہاہے کہ اتحاداہلسنّت وقت کی اہم ضرورت ہے، جے یوپی اہلسنّت کے وسیع تر اتحاد کے لئے کوشاں ہے، انشاء اﷲ بہت جلد پاکستان کے سنّی متحد پلیٹ فارم پر جمع ہوں گے۔ یہ باتیں انہوں نے اورنگی ٹاؤن میں منعقدہ صدیق اکبر ؓ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

انہوں نے کہاکہ سیدنا صدیق اکبر ؓ نے حق اور باطل کے درمیان فرق واضح کردیا آپؓ نے اسلام کی حرمت ، تحفظ ناموس ومقام مصطفےٰﷺ ،دین کی سربلندی اور رسول اﷲ ﷺ کے قائم کردہ نظام کو بچانے کیلئے گرانقدر خدمات انجام دیں۔ حضرت ابوبکر صدیق رضی اﷲ تعالیٰ عنہ نے ہر قدم پر رسول اﷲ ﷺ سے وفادری کا حق ادا کیا،آپؓ دنیا میں بھی رسول اﷲ کیساتھ رہے ،مزار اقدس میں بھی رسول اﷲ ﷺ کے ساتھ ہیں اور بروزقیامت بھی رسول اﷲ ﷺ کے ساتھ اٹھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیدناصدیق اکبر رضی اﷲ تعالیٰ عنہ جلیل القدر صحابی رسول ہیں جن کا دورخلافت اسلامی تاریخ کا عظیم باب ہے۔ آپؓ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان میں نظام مصطفی ﷺ کی تحریک کو پروان چڑھایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مقام مصطفی ﷺ کے تحفظ کیلئے کمر بستہ ہونے کی ضرورت ہے، سیدنا صدیق اکبر نے عشق رسول ﷺ کی ایسی قندیلیں روشن کیں جن کی چمک تاقیامت محسوس کی جاتی رہے گی۔

قرآن پاک نے خود صدیق اکبرؓ کی صداقت کا اعلان کیا، ہجرت مدینہ کے وقت بھی سیدنا ابوبکر صدیق رسول اﷲ ﷺ کے ہمراہ تھے اور ہر مشکل وقت میں آپؓ نے رسول اﷲ ﷺکا دامن تھامے رکھا۔اس موقع پردیگر مقررین نے خلیفہء بلافصل سیدنا صدیق اکبر رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کی حیات مبارکہ کے مختلف پہلوں پر روشنی ڈالی اور ان کی اسلام کے لئے بے پایاں وبے مثل خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :