Live Updates

تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات میں عوام کو کس وعدے پر دھوکہ دے گی،ناصرخان

تبدیلی آئی نہ وہ وعدے ایفا ہو سکے جو پی ٹی آئی نے عام انتخابات کے دوران عوام سے کئے تھے ‘ اب کی بار پی ٹی آئی کون سے منہ سے عوام کے پاس جائے گی،صوبائی سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ ن ناصرخان موسی زئی

ہفتہ 25 اپریل 2015 20:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات ناصر خان موسیٰ زئی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات میں عوام کو کس وعدے پر دھوکہ دے گی‘ تبدیلی آئی نہ وہ وعدے ایفا ہو سکے جو پی ٹی آئی نے عام انتخابات کے دوران عوام سے کئے تھے ‘ اب کی بار پی ٹی آئی کون سے منہ سے عوام کے پاس جائے گی‘ مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور خدمت کی بنیاد پر بلدیاتی انتخابات میں صوبہ بھر میں کلین سویپ کرے گی‘ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہزار خوانی اور سوڑیزئی بالا میں بلدیاتی انتخابات کی مہم کے سلسلے میں منعقدہ اجتماعات و شمولیتی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا‘ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے ضلع کونسل کیلئے نامزد امیدوار ذکاء اﷲ خان بھی موجود تھے‘ تقریبات میں پاکستان تحریک انصاف کے درجنوں کارکنوں نے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے لیگی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور بلدیاتی انتخابات میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی‘ ناصر خان موسیٰ زئی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے عوام کو عام انتخابات کے دوران تبدیلی اور 90 روز میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے وعدوں پر دھوکہ دیا‘ 90 روز کی بجائے 2 سال بعد سپریم کورٹ کی مداخلت پر بلدیاتی انتخابات کا اعلان کیا‘ بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی کیلئے ابہام سے بھرپور نظام بھی نافذ کیاگیا ہے جس پر قانون سازی کرنے والے خود بھی سمجھ نہیں رہے‘ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے نتائج کا اعلان دوسرے روز ہوناچاہیے جبکہ راتوں رات نتائج تبدیل کرنے کیلئے 7 روز کا وقت بھی دیا گیا ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی نے دھاندلی کیلئے ہوم ورک مکمل کر لیا ہے لیکن خیبرپختونخوا کے عوام پی ٹی آئی سے مایوس ہو چکے ہیں ‘ وعدوں پر عمل نہ کرنے والی پی ٹی آئی بلدیاتی الیکشن میں کس منہ سے عوام کے پاس ووٹ مانگنے جائے گی‘ عوام مشکلات کا شکار ہیں‘ اصلاحات کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا جا رہا ہے‘ گرین پشاور کی بجائے مٹی و دھول سے بھرا پشاور عوام کو دیا گیا ہے‘ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور الیکشن کے دوران عوام سے کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے جن کے ثمرات سے عوام مستفید ہو رہے ہیں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات