جماعت اسلامی کو حکومت میں آنے کا موقع ملا تو قائد اعظم کے اسلامی پاکستان کا ادھورا ایجنڈا پورا کردیں گے،عنایت اﷲ

اسلامی پاکستان ہی خوشحال پاکستان ہے اور دیانتدار قیادت ہی اس ملک کو خوشحال بنا سکتی ہے۔کرپشن اور لوٹ کھسوٹ سے پاک نظام لانا وقت کی ضرورت ہے،سینئروزیربلدیات عنایت اﷲ

ہفتہ 25 اپریل 2015 20:38

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) سینئر صوبائی وزیر بلدیات ودیہی ترقی خیبرپختونخوا عنایت اﷲ خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کو حکومت میں آنے کا موقع ملا تو قائد اعظم کے اسلامی پاکستان کا ادھورا ایجنڈا پورا کردیں گے ۔ سیاسی جماعتوں کے وہ مخلص کارکن جو پاکستان کو ایک اسلامی، فلاحی اور خوشحال مملکت دیکھناچاہتے ہیں ، وہ ہمارے ساتھ مل جائیں ۔

اسلامی پاکستان ہی خوشحال پاکستان ہے اور دیانتدار قیادت ہی اس ملک کو خوشحال بنا سکتی ہے۔کرپشن اور لوٹ کھسوٹ سے پاک نظام لانا وقت کی ضرورت ہے۔جماعت اسلامی پُرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔بلدیاتی انتخابات میں قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔وہ دیر بالا میں مختلف اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے ۔ سینئر صوبائی وزیر عنایت اﷲ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اب مسائل حل کرنے کا وقت ہے اور مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے ،عام آدمی کے مسائل دن بدن بڑھتے جارہے ہیں اس لیے اب ہمیں ماضی کے بجائے ملک کے روشن مستقبل کی طرف دیکھنا ہوگا۔

(جاری ہے)

ملک میں قبضہ مافیا کا راج ہے جس سے چھٹکار ا حاصل کرنے کے لیے عوام کو جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہوگا۔جماعت اسلامی کے بغیر کوئی بھی جماعت ملک میں حقیقی تبدیلی نہیں لاسکتے ۔جماعت اسلامی کے منتخب لوگ عوام کے حقوق کے حصول کے لیے ہر فورم کے اندر ان کے وکیل بنیں گے۔جماعت اسلامی کی سیاست ہی تبدیلی کی سیاست ہے ۔ قوم جماعت اسلامی کاساتھ دیں تو مسائل سے چھٹکار ا حاصل کر سکتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ نئے بلدیاتی نظام سے ہر گلی اور محلے کونمائندگی ملے گی اور 45 ہزار افراد منتخب ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ایسا بلدیاتی نظام ترتیب دیا ہے جس سے ملک کے اندر سرمایہ دارانہ نظام کا خاتمہ ہوگا اور حقیقی حکومت عوام کو ملے گی ۔