اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں اسلامی نظام کانفاذ ناگزیر ہے،پروفیسرابراہیم

کاشغر گوادر روٹ کی تبدیلی کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے۔روٹ تبدیلی خیبر پختونخوا کے ساتھ ظلم ہے۔ ترکی کے صدر طیب اردگان اورپاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کے حرمین شریفین کے دفاع کے فیصلے کو سراہتے ہیں،صوبائی امیر جماعت اسلامی

ہفتہ 25 اپریل 2015 20:38

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ حکمرانوں کا فرض ہے کہ وہ اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں اسلامی نظام نافذ کریں۔ معیشت اور بنکاری نظام کو اسلامی معاشی نظام کے مطابق استوار کرنے کی ضرورت ہے۔یہ ملک لاالہ الاﷲ کی بنیاد پر بنا ہے اور اس کی خوشحالی بھی اسلام سے وابستہ ہے۔

کاشغر گوادر روٹ کی تبدیلی کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے۔روٹ تبدیلی خیبر پختونخوا کے ساتھ ظلم ہے۔ ترکی کے صدر طیب اردگان اورپاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کے حرمین شریفین کے دفاع کے فیصلے کو سراہتے ہیں۔ سعودی شاہ سے درخواست ہے کہ وہ امریکہ کی طرف دیکھنا چھوڑدیں اور امت کی فکر کریں۔ صوبے میں مثالی بلدیاتی نظام لارہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس نظام کے تحت اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہوں گے۔

بلدیاتی انتخابات میں ترازو میدان مارے گا۔ جماعت اسلامی کے صوبائی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہزارہ ڈویژن کے تین روزہ دورے کے دوسرے دن کوہستان لوئر کی تحصیل پٹن میں تھانہ گراؤنڈ میں سابق امیرضلع کوہستان حاجی ملک عبدالصمد مرحوم کی یاد میں منعقدہ جلسہ عام اور بعد ازاں تحصیل پالس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جلسہ عام سے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے نائب امیر معراج الدین خان ایڈووکیٹ ، امیر ضلع حاجی سلیم ، سیکرٹری جنرل معراج ، تحصیل پٹن کے امیر مسعود علی، تحصیل پالس کے امیر حاجی مسلم شاہ، اسلامی جمعیت طلبہ ضلع کوہستان کے ناظم اورنگزیب نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ملک سیتاب اے این پی اورمولاناعمر نے جمعیت علماء اسلام سے مستعفی ہوکر اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کوہستان کے صدر معشوق الرحمن اور پاکستان تحریک انصاف یوتھ ونگ کے صدر سلطانِ روم بھی موجود تھے۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا لیکن بدقسمتی سے اس ملک کے حکمران اسلام کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ حکمرانوں کا فرض ہے کہ وہ ملک میں اسلامی نظام نافذ کریں ۔

ہم حکمرانوں اور عوام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزاریں اور ملک اسلامی نظام نافذ کریں۔ملک کا معاشی اور بنکاری نظام سود پر مبنی ہے جس کی وجہ سے ملکی معیشت زوال پذیر ہے۔ جب تک اسلام کا معاشی نظام نہیں لایا جاتا تب تک قرضوں چھٹکارا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت گوادر کاشغر روٹ کا راستہ تبدیل کرکے خیبر پختونخوا کے حقوق پر ڈاکا ڈالنا چاہتی ہے۔

روٹ کی تبدیلی کسی صورت برداشت نہیں لریں گے اور حکومت کے اس فیصلے کے خلاف ہر فورم پر بھر پور احتجاج کریں گے۔ کاشغر گوادر روٹ کی تبدیلی کا فیصلہ خیبر پختونخوا کے ساتھ ظلم ہے ۔ عوام اس فیصلے کو قبول کرنے کے لئے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت حرمین شریفین خطروں کی زد میں ہے۔ پاکستان اور ترکی کی جانب سے حرمین شریفین کے دفاع کے فیصلے کی تحسین کرتے ہیں اور نواز شریف اور طیب ارگان کو اس فیصلے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

حرمین شریفین کے دفاع کے لئے اگر حکومت فوج بھیجنے کا فیصلہ کرتی ہے تو اس کی مکمل حمایت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے بہترین بلدیاتی نظام کی مثال کسی دوسرے صوبے میں نہیں ملتی۔موجودہ بلدیاتی نظام میں اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہوں گے اور لوگوں کے مسائل کو آسانی سے حل کیا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں بھر پور طریقے سے حصہ لے رہی ہے اور اس کے امیدوار نمایاں کامیابی حاصل کریں گے۔ عوام بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے امیدواروں کو کامیاب کریں۔

متعلقہ عنوان :