پنجاب کابینہ کا اجلاس 5گھنٹے تک جاری رہا،شرکاء کی حسب روایت دال چاول سے تواضع

اجلاس میں چین کے تاریخی اقتصادی پیکیج پر وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی قائدانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین

ہفتہ 25 اپریل 2015 20:33

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس 5گھنٹے تک جاری رہا۔اجلاس کے شرکاء کی حسب روایت دال چاول پر مشتمل ون ڈش سے تواضع کی گئی ۔اجلاس کے دوران 9نکاتی ایجنڈا زیر بحث آیا اور ایجنڈے کے مطابق تمام کارروائی مکمل کی گئی۔اجلاس کے آغاز پروزیراعلیٰ نے پاکستان و سعودی عرب کے مابین تعلقات کا خصوصی ذکر کرتے ہو ئے کہاکہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تاریخی ،برادرانہ تعلقات موجود ہیں اور پاکستان ہر مشکل کی گھڑی میں سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

وزیر اعظم محمدنوازشریف کاحالیہ دورہ سعودی عرب انتہائی کامیاب رہاہے۔ وزیراعلیٰ نے چین کے صدر کے دورہ پاکستان کے دوران 46ارب ڈالرکے تاریخ ساز اقتصادی پیکیج کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ یہ بہت بڑا موقع ہے جس سے فائدہ اٹھا کر قوم کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب کابینہ کے اجلاس میں چین کی جانب سے اقتصادی پیکیج کے اعلان پر وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی زبردست صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ شہبازشریف نے اس تاریخ ساز پیکیج کو عملی شکل دینے میں قائدانہ کردار ادا کیاہے اور چین کی لیڈرشپ بھی شہبازشریف کی قائدانہ صلاحیتوں کی معترف ہے۔

اجلاس میں لاہور اورنج لائن میٹروٹرین منصوبے کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے تفصیل کے ساتھ پس منظر بیان کیا اور اس منصوبے کے حوالے سے 100ارب روپے کی بچت کا خصوصی طور پر ذکر کرتے ہوئے اپنی سیاسی و انتظامی ٹیم کی اجتماعی کاوش قرار دیا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ گزشتہ برس دھرنوں کے باعث ملک وقوم کے قیمتی 7ماہ ضائع ہوئے لیکن ہمیں ماضی بھول کر اب آگے دیکھنا ہے اور محنت ،دیانت اور امانت کے اصولوں کو شعار بناتے ہوئے شبانہ روز محنت کرنی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دھرنے والے اگر پاکستان کے لئے دل کشادہ کرتے اور پاکستانی ہونے کا ثبوت دیتے تو عوامی فلاح کے یہ منصوبے بہت پہلے شروع ہوچکے ہوتے ۔

متعلقہ عنوان :