پاکستان ٗ نیپال ٗ بھارت اور بنگلہ دیش میں زلزلہ کے جھٹکے ٗشدت 7.9 ریکارڈ کی گئی ٗ نیپال میں 900سے زائد افراد ہلاک

سینکڑوں افراد لاپتہ ٗائیرپورٹس بند کر دیئے گئے ٗ ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ ٗ فوج کو طلب کرلیا گیا ٗ بھارت میں 35زندگی سے ہاتھ دھوبیٹھے بنگلہ دیش میں زلزلے کے جھٹکوں کے باعث پاکستانی کرکٹرز بھی ہوٹل سے باہر آگئے اسلام آبا د ٗ پشاور اور لاہور میں زلزلے کے جھٹکے ٗآفٹر شاکس کے دور ان کلمہ طیبہ اوردرود شریف کا ورد کرتے ہے زلزلے کا مرکز کھٹمنڈو تھا جس کی گہرائی 12 کلو میٹر زیر زمین تھی ٗبھارتی میڈیا

ہفتہ 25 اپریل 2015 20:28

کھٹمنڈو /نئی دہلی /ڈھاکہ /اسلام آباد / لاہور/پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) پاکستان ٗ نیپال اور بھارت کے شمالی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جن کی شدت 7.7 ریکارڈ کی گئی ٗنیپال میں کئی عمارتیں گر گئیں جس کے نتیجے میں 900سے زائد افراد ہلاک ٗسینکڑوں زخمی و لاپتہ ہوگئے ٗ امدادی کاموں کیلئے فوج کو طلب کرلیا گیا ٗہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ ٗ ملکی ائیرپورٹس بند کردیئے گئے ٗبنگلہ دیش میں زلزلے کے جھٹکوں کے باعث پاکستانی کرکٹرز بھی ہوٹل سے باہر آگئے ٗاسلام آبا د ٗ پشاور اور لاہور میں زلزلے کے جھٹکوں کے باعث لوگ گھروں سے باہر نکل آئے ٗ آفٹر شاکس کے دور ان کلمہ طیبہ اوردرود شریف کا ورد کرتے ہے ۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق مطابق نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو اور بھارت کے شمالی علاقوں نئی دہلی، کولکتہ، جے پور پٹنہ اور اتر پردیش میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.9 تھی۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کے مطابق زلزلے کا مرکز کھٹمنڈو تھا جس کی گہرائی 12 کلو میٹر زیر زمین تھی، زلزلے کے جھٹکوں سے نیپالی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں کئی عمارتیں گر گئیں جس کے نتیجے میں سینکڑوں افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 900سے تجاوز کر گئی ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ صرف دارالحکومت کھٹمنڈو میں 524 افراد لقمہ اجل بن گئے عینی شاہدین نے بتایا کہ لوگ ادھر ادھر بھاگ رہے تھے ایمبولینس کے سائرن کی آوازیں سنائی دیتے رہے سرکاری ہیلی کاپٹر فضا میں پرواز کر تے رہے ذرائع نے بتایا کہ زلزلے کے جھٹکوں کے بعد ائیر پورٹس بند کر دیئے گئے کئی علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کر کے فوج طلب کرلی گئی۔

ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کی مہم جوئی کرنے والے کوہ پیماؤں نے بھی زلزلہ کی شدت کو محسوس کیا ان کے مطابق ان کو یوں محسوس ہوا جیسے پہاڑ سرکنے لگے ہیں تاہم زلزلہ کے وقت تقریباً تمام کوہ پیما بیس کیمپس میں موجود تھے کوہ پیماؤں نے اپنے ایس ایم ایس کے ذریعہ ادارہ ابلاغ کو بتایا کہ وہ اس بات کے انتظار میں تھے کہ اب موت آئی کیونکہ اس وقت برف باری ہو رہی تھی اور مدد کیلئے کسی ہیلی کاپٹر یا ریسکیوکے آنے کا امکان بھی نہ تھا۔

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی سمیت مختلف علاقوں کولکتہ، جے پور، اڑیسہ، مغربی بنگال، پٹنہ، لکھنؤ اور اتر پردیش میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے جس کی ریکٹر اسکیل پر شدت 7.9 ریکارڈ کی گئیبھارت میں زلزلے کے باعث عمارتیں گرنے کے متعدد واقعات پیش آئے جس کے نتیجے میں ریاست بہار میں 14 افراد سمیت 35افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوئے ادھر بنگلہ دیش میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس کے باعث لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے اور کئی گھنٹے کھلے آسمان تلے گزار دیئے ذرائع نے بتایا کہ زلزلہ کے جھٹکوں کے باعث پاکستانی کرکٹرز بھی ہوٹل سے باہر آگئے اور کافی دیر کلمہ طیبہ اور درود شریف کا ورد کرتے رہے ادھر بھارتی وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر زلزلے سے متعلق یہ پیغامات جاری کیے ہیں، جس میں ان کا کہنا ہے کہ زلزلے کے بعد نیپال اور بھارت میں صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

ادھر پاکستان کے کئی شہروں میں زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے لاہور ٗ پشاور اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں زلزلے کے جھٹکوں کے دوران لوگ گھروں سے باہر آئے اور کلمہ طیبہ اور درود شریف کا ورد کرتے رہے پاکستان میں فوری طورپر کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔