غیرملکی ٹیموں کی پاکستان آمد تازہ ہوا کا جھونکا ہے‘رانا مشہود احمد خان

پنجاب حکومت نے گزشتہ تین برسوں میں سپورٹس کو خصوصی اہمیت دی ہے ،پاکستان دنیا کے بڑے ایونٹس میں ٹائیٹل جیت رہا ہے پہلا ٹی 20ایشیا ڈیف کرکٹ کپ کا پاکستان میں انعقاد ہمارے لئے اعزاز ہے، ڈی جی سپورٹس عثمان انور کا گورنر ہاؤس میں خطاب

ہفتہ 25 اپریل 2015 20:11

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے گزشتہ تین برسوں میں سپورٹس کو خصوصی اہمیت دی ہے جس کا نتیجہ ہے کہ پاکستان دنیا کے بڑے ایونٹس میں ٹائیٹل جیت رہا ہے اور غیرملکی ٹیمیں پاکستان آنا شروع ہوگئی ہیں، نوجوانوں کو سپورٹس کیلئے بہترین سہولتیں فراہم کررہے ہیں، مستقبل میں نوجوانوں کیلئے بڑے ایونٹس کا بھی انعقاد کررہے ہیں جس سے پاکستان میں نوجوان کھلاڑیوں کی نئی کھیپ پیدا ہوگی، ڈی جی سپورٹس عثمان انور نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کسی قسم کا بھی بین الاقوامی ٹائیٹل جیتنے والے ہر کھلاڑی کو پذیرائی دی ہے اور انعامات سے بھی نوازا ہے، نوجوانوں کیلئے میدان کھلا ہے و ہ آگے بڑھیں اور دنیا میں اپنا اور ملک کا نام بھی روشن کریں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں ٹی 20ایشیا ڈیف کرکٹ کپ میں شرکت کرنیوالی پاکستان، بھارت، سری لنکا اور افغانستان کی ٹیموں کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب رانا محمد اقبال نے 2014میں دوستی ڈیف کرکٹ کپ میں کامیابی حاصل کرنے پر سپورٹس بورڈ پنجاب کی طرف سے پاکستان کی ڈیف کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو ایک ایک لاکھ روپے نقد انعام دیا۔

صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ویژن کے مطابق نوجوانوں کو گراؤنڈز میں عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کر دی گئی ہیں،پنجاب یوتھ فیسٹیول کے پلیٹ فارم سے نوجوانوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا دنیا بھر میں منوالیا ہے، دنیا نے ہماری یوتھ کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے پاکستانی یوتھ کو دنیا کی بہترین یوتھ قرار دیا ہے، انہوں نے کہا کہ نیتیں صاف ہوں تو اﷲ تعالیٰ مدد کرتا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیم نے خلوص دل سے کام کیا اور پنجاب یوتھ فیسٹیول کو دنیا کا سب سے بڑا فیسٹیول بنا دیا، ٹی 20ایشیا ڈیف کرکٹ کپ میں غیر ملکی ٹیموں کی آمد سے پاکستان کا امیج دنیا میں بہتر ہوا ہے، مئی میں زمبابوے کی ٹیم بھی آ رہی ہے اس طرح سالوں سے غیرملکی ٹیموں کے پاکستان آنے کا جو راستہ بند ہوا تھا اب وہ رفتہ رفتہ کھل رہا ہے، غیرملکی ٹیموں کی پاکستان آمد تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔

انہوں نے پاکستان کی ڈیف کرکٹ ٹیم کے کھیل کی بھی تعریف کی۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے اپنے خطاب میں کہا کہ پہلا ٹی 20ایشیا ڈیف کرکٹ کپ کا پاکستان میں انعقاد ہمارے لئے اعزاز ہے، اس سلسلہ کو جاری رکھیں گے اور ڈیف ورلڈ کرکٹ کپ بھی منعقد کرائیں گے۔ کھلاڑیوں نے دوستی ڈیف کرکٹ کپ میں بھی شاندار کارکردگی کامظاہرہ کیا ہے جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں، اگلے برس سپورٹس انڈومنٹ فنڈ میں تین گنا اضافہ کیا جارہا ہے ، ڈیف کرکٹ کے کھلاڑیوں کو ماہانہ وظیفہ بھی دیں گے تاکہ وہ یکسوئی سے کھیل کی طرف توجہ دیکر کامیابیاں سمیٹ سکیں۔