وزارت پانی وبجلی کی رپورٹ کے مطابق رواں سال آبی ذخائر میں28فیصدکمی لمحہ فکریہ ہے‘ سید وسیم اختر

ملک میں کالاباغ ڈیم سمیت نئے آبی ذخائر ہنگامی بنیادوں پر تعمیر کئے جائیں‘امیر جماعت اسلامی پنجاب

ہفتہ 25 اپریل 2015 20:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب و پارلیمانی لیڈر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اخترنے وزارت پانی وبجلی کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کردہ دستاویزات جن میں انکشاف کیاگیا ہے کہ ’’رواں سال پانی کے ذخائرمیں28فیصد تک کمی ہوجائے گی‘‘ پرتشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں پینے کے پانی کے ذخائرکم ہورہے ہیں۔

اس ساری صورتحال سے نمٹنے کے لئے آبی ذخائرکی تعمیر فوری طور پر ناگزیر ہوچکی ہے۔اس کے علاوہ واپڈا موجودہ آبی ذخائرکی استعداد کوبڑھانے کے لئے اپنی حکمت عملی بھی واضح کرے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں آبی ذخائر کی کمی کے باعث ہمارے کھیت ویران اورزراعت تباہ ہورہی ہے اور ہماری لائف لائن قیمتی پانی کا بڑے پیمانے پر ضیاع ہورہاہے۔

(جاری ہے)

اگرماضی میں حکمرانوں نے سنجیدگی کامظاہرہ کیا ہوتا تو آج صورتحال مختلف ہوتی مگربدقسمتی سے ماضی کے برسر اقتدار لوگوں نے اس جانب توجہ دی اور نہ ہی موجودہ حکومت وقت کی ٹھوس منصوبہ بندی دیکھنے میں آرہی ہے۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک میں کالاباغ ڈیم سمیت تمام چھوٹے بڑے ڈیم کئے جائیں۔انہوں نے کہاکہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کالاباغ ڈیم کے عظیم الشان منصوبے کوسیاسی بنادیاگیا ہے اور اس حوالے سے پاکستان کے خفیہ اداروں کی رپورٹ کے مطابق بھارت ہر سال کروڑوں روپے خرچ کررہا ہے۔دشمن قوتیں نہیں چاہتی کہ پاکستان قومی مفاد کے منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچیں۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزیدکہاکہ ملک میں جاری توانائی بحران پر قابوپانے کے لئے کالاباغ ڈیم سمیت نئے آبی ذخائرکی ہنگامی بنیادوں پر تعمیر کی جائے۔پاکستان کی معاشی ترقی کادارومدارحکمرانوں کے دانشمندانہ فیصلوں اور اس حوالے سے کئے جانے والے اقدامات پر منحصرہے۔ہمیں بحیثیت قوم مل جل کر کام کرنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :