حکومت کی دو سالہ کارکردگی مایوس کن ہے،کا لعدم تنظیمیں نام بدل کر پورے ملک میں کام کررہی ہیں‘ صاحبزادہ حامد رضا

حرمین شریفین کے تحفظ کے نام پر ریالوں کی تجارت کی جارہی ہے ،اس وقت حرمین شریفین کو کوئی خطرہ نہیں‘ چیئرمین سنی اتحاد کونسل

ہفتہ 25 اپریل 2015 20:05

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حامد رضا نے کہا ہے کہ حرمین شریفین کے تحفظ کے نام پر ریالوں کی تجارت کی جارہی ہے حالانکہ اس وقت حرمین شریفین کو کوئی خطرہ نہیں،بے لگام لوڈ شیڈ نگ نے قوم کو نفسیاتی مریض بنا دیا ہے، پنجاب حکومت نے اہلسنّت دشمنی کی ہر حد عبور کر لی ہے، پنجاب کے ظالم اور متکبر حکمران سیاسی مخالفین کے خلاف ریاستی طاقت کا بے رحمانہ استعمال کررہے ہیں،قومی ایکشن پلان کی آدھی شقوں پر بھی عمل نہیں ہو ا، حکومت دہشتگردوں اور فرقہ پرستوں کی بیرونی فنڈنگ روک سکی اور نہ ہی دہشتگردوں کے سہولت کاروں کو پکڑا ہے، حکومت کی دو سالہ کارکردگی مایوس کن ہے،کا لعدم تنظیمیں نام بدل کر پورے ملک میں کام کررہی ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تنظیم المساجد پاکستان کے عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ممبرو محراب سے قوم کو اتحاد و یکجہتی کا پیغام دینے کی ضرورت ہے۔ سنی اتحاد کونسل دہشتگردی ، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی ۔ بیرونی مذہبی مداخلت بند کئے بغیر فرقہ واریت ختم نہیں ہو سکتی ۔

قو م کی توقعات اور حکومتی اقدامات میں فاصلہ بڑھتا جارہا ہے۔حکومت اور عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ ختم ہو چکا ہے۔ پاک فوج نے اپنی لازوال قربانیوں سے مستقبل محفوظ بنا دیا ہے۔ ملک معاشی بد انتظامی اور سماجی افرا تفری کا شکا ر ہے۔ آپریشن ضرب عضب کا دائرہ بلوچستان تک وسیع کرکے ہی ملک دشمنو ں کی سازشیں ناکام بنائی جا سکتی ہیں ۔ پاکستان میں غیر ملکی ایجنسیاں انتشار اور فساد کو ہو ا دے رہی ہیں ۔ بلوچستان میں بھارت کے ملوث ہونے کے ٹھوس ثبوت ہونے کے باوجود ہمارے حکمران کیوں خاموش ہیں ۔