پیپلز پارٹی پنجاب کا یوم مئی کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے لاہور میں بڑی ریلی نکالنے کا اعلان

ریلی میں مزدوروں، کسانوں،نوجوانوں، اقلیتوں، انسانی حقوق اور علماء ونگ کے عہدیدار اور کارکن بڑی تعداد میں شریک ہونگے پیپلز پارٹی لوگوں کو روزگار دیتی ہے ،مسلم لیگ (ن) ان سے روزگار چھینتی ہے‘ سینٹرل پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو کی پریس کانفرنس

ہفتہ 25 اپریل 2015 20:04

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے یوم مئی کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے لاہور ریلوے سٹیشن سے پریس کلب تک بڑی ریلی نکالنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریلی میں مزدوروں، کسانوں،نوجوانوں، اقلیتوں، انسانی حقوق، پی ایس ایف، پی وائی او اور علماء ونگ کے عہدیدار اور کارکن بڑی تعداد میں شریک ہونگے۔

پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے صدرمیاں منظور احمد وٹو نے مزدوروں،ٹریڈ یونیےنز، کسانوں اور مختلف محکموں کی نمائندہ اجلاس کی صدارت کی۔ بعد ازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی سیکریٹریٹ سے ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل کی سطح پر پارٹی کو ہدایات جاری کی جارہی ہیں کہ مقامی پارٹی قیادت سیمینار اور جلسے جلوس نکال کر یوم مئی کی تقریبات منعقد کریں۔

(جاری ہے)

۔ میاں منظور احمد وٹو نے سیکریٹری جنرل تنویر اشرف کائرہ ، عبدالقادر شاہین اور سہیل ملک کو ذمہ داری سونپی کہ وہ کے اجلاس کے فیصلوں کو عملی جامہ پہنانے کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے یقین کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس دفعہ یوم مئی کی تقریبات اسی جوش و جذبے سے منائی جائیں گی جو شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے دور میں منائی جاتی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی مزدوروں، کسانوں، اقلیتوں اور خواتین کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی کیونکہ اگر مزدور اور کسان خوشحال ہو گا تو پاکستان خوشحال ہو گا۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کی مزدوروں، کسانوں اور غریبوں کے حقوق کی بحالی کے ضمن میں پیپلز پارٹی کی خدمات کا ذکر کیا اور کہا کہ پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے ہاتھوں ہزاروں فارغ ہونے والے ملازمین کونہ صرف بحال کیا بلکہ انکو مستقل بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی لوگوں کو روزگار دیتی ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) ان سے روزگار چھینتی ہے۔ انہوں نے متروکہ املاک ٹرسٹ بورڈ کا ذکر کرتے ہوئے حکومت کو متنبہ کیا کہ وہ ملازمین کو ملازمتوں سے نہ نکالے ورنہ پیپلز پارٹی راست اقدام کرنے پر مجبور ہو جائے گی۔ نجکاری کا ذکر کرتے ہوئے میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ اس عمل میں مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کو پیپلز پارٹی یقینی بنائے گی۔

انہوں نے موجودہ حکومت کی میاں طارق عزیز کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائی کی مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ ان کو باعزت طریقے سے رہا کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اولڈ ایج بینیفٹ کے تحت ملازمین کو پچھلے دو سالوں سے کوئی فوائد حاصل نہیں ہوئے ان کو فورًا بحال کیا جائے۔ انہوں نے پرزور مطالبہ کیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ادائیگیاں مستحقین کو فورًا کی جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان اوچھے ہتھکنڈوں سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی محبت کو لوگوں کے دلوں سے نکالا نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ہر گز بند نہیں ہونا چاہیے اور اسے جاری رہنا چاہیے۔جن لوگوں نے اجلاس میں شرکت کی ان میں احتشام الحق، سید خالد بخاری، اشرف خان، انیسہ بانو، سلیم مغل، ولایت فاروقی، قیصر مصطفی خان، صابر ذکی، صدیق بیگ، رائے شاہ جہاں بھٹی، علامہ یوسف اعوان، آصف خان، افنان بٹ، عا بد صدیقی اور کیانی بھی شامل تھے۔