امام کعبہ الشیخ خالد الغامدی کے اعزاز میں جامعہ اشرفیہ تقریب ،نماز ظہر کی امامت ، رفت امیز دعا کروائی

اﷲ تعالی ارض حرمین شریفین کی حفاظت فرمائے ،دونوں ملکوں کی عوام کو ہر قسم کے شروفتنہ اور حسد سے محفوظ فرمائے‘ امام کعبہ کی دعا امام کعبہ کا جامعہ اشرفیہ میں زبردست والہانہ استقبال ، شہادۃ العالمیہ کی اعزازی ڈگری ،حفظ قرآن کی اعزازی سند اور شیلڈ پیش کی گئی ہم کسی بھی صورت حرمین شریفین کی سرزمین پر بیرونی مداخلت و قبضہ برداشت نہیں کریں گے مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی کا خطاب

ہفتہ 25 اپریل 2015 20:04

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) امام کعبہ فضیلۃالشیخ خالد الغامدی کے اعزاز میں جامعہ اشرفیہ لاہورمیں تقریب منعقد ہوئی سعودی عرب کے نائب سفیر بدر العتیبی ’ مکتب الدعوۃ الارشاد کے ڈ رائیکٹرمحمد بن سعد الدوسری اور قاری محمد حنیف جالندھری بھی ان کے ہمراہ تھے ۔امام کعبہ الشیخ خالد الغامدی کے جامعہ اشرفیہ پہنچنے پر مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی ، مولانا قاری ارشد عبید، حافظ اسعد عبید، حافظ اجود عبید،پروفیسر مولانا محمد یوسف خان حافظ زبیر حسن،مولانا محمداکرم کاشمیری، مولانا عبدالرحیم چترالی ،حافظ حماد حسن اشرفی، مولانا اویس ارشد، مولانا فہیم الحسن تھانوی، مولانا احمد عمر، مولانا سعد اسعد، مولانا مجیب الرحمن انقلابی سمیت دیگر اساتذہ و علماء نے زبردست والہانہ استقبال کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقعہ پر امام کعبہ فضیلۃالشیخ خالد الغامدی نے سیرت ہال کا افتتاح کیا اورنماز ظہر کی امامت بھی کروائی جس میں خواتین سمیت بہت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر امام کعبہ فضیلۃالشیخ خالد الغامدی کو مولانا فضل الرحیم اشرفی نے جامعہ اشرفیہ لاہور کی طرف سے شہادۃ العالمیہ کی اعزازی ڈگری پیش کی جبکہ شعبہ حفظ کی طرف سے حافظ اجود عبید نے بھی حفظ قرآن کی اعزازی سند اور شیلڈ پیش کی جس پر امام کعبہ فضیلۃالشیخ خالد الغامدی نے انتہائی خوشی و مسرت سے قبول کیا ۔

امام کعبہ فضیلۃالشیخ خالد الغامدی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کی عوام آپس میں بھائی بھائی ہیں میں سعودی بھی ہوں اور پاکستانی بھی اور پاکستانی عوام سعودی بھی ہے اور پاکستان بھی ’ امام کعبہ فضیلۃالشیخ خالد الغامدی نے جامعہ اشرفیہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جامعہ اشرفیہ لاہور پہنچے پر جس والہانہ انداز میں میرا استقبال کیا گیا میں اس پر بہت خوش و مطمئن ہوں اور جامعہ اشرفیہ کی خدمات کا معترف ہوں اﷲ تعالی اس کومزید ترقی عطا فرمائے ۔

امام کعبہ فضیلۃالشیخ خالد الغامدی نے رقت امیز دعا کراتے ہوئے کہا کہ بخدا’ بخدا’ بخدامیں آپ لاگوں سے قلبی محبت کرتا ہوں اﷲ تعالی ارض حرمین شریفین کی حفاظت فرمائے اور دونوں ملکوں کی عوام کو ہر قسم کے شروفتنہ اور حسد سے محفوظ فرمائے۔تقریب سے جامعہ اشرفیہ لاہور کے نائب مہتمم اور متحدہ علماء بورڈ حکومت پنجاب کے چیئرمین مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے علماء و عوام اور حکومت سعودی عرب کے ساتھ ہیں اور ہمارے دل سعودی عرب کے ساتھ دھڑکتے ہیں ہم حرمین شریفین کے تحفظ اور یمن کی صورت حال پر بہت فکر مندہیں ہم کسی بھی صورت حرمین شریفین کی سرزمین پر بیرونی مداخلت و قبضہ برداشت نہیں کریں گے حرمین کی حفاظت کیلئے ہماری جانیں بھی حاضر ہیں اور اس کے لیے خون کا آخری قطرہ بہانے سے بھی دریغ نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ امام کعبہ فضیلۃالشیخ خالد الغامدی ہمارے دلی جذبات کو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور سعودی عوام و حکومت تک پہنچائے۔

تقریب سے مولانا حافظ اسعد عبید اورمولانا محمد الیاس نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے سعودی حکومت کے ساتھ حمایت ویکجہتی کا اظہارکیا تقریب میں سابق صدر جسٹس (ر) محمدرفیق تارڑ’ جسٹس (ر) خلیل الرحمن ’ نامور صحافی مجیب الرحمن شامی’ حافظ طاہر محمود اشرفی’ مولانا مشرف علی تھانوی ’ پروفیسر ڈاکٹر محمد سعد صدیقی’پیر سیف اﷲ خالد’ مولانا محمد امجد خان’ حکیم عزیزالرحمن جگرانوی’ علامہ عبدالستار عاصم’ شیخ الحدیث مولانا محب النبی’ مولانا جمیل الرحمن اختر’ مولانا عبدالشکور حقانی’ مولانا حافظ عبدالودود شاہد’مولانا مفتی انیس احمد مظاہری ’ پروفیسر مفتی عبید الرحمن اور مولانا ڈاکٹر شاہد اویس سمیت بہت بڑی تعداد میں علماء ومشائخ نے شرکت کی ۔