کراچی صوبے کا مطالبہ قائدتحریک الطاف حسین نے نہیں بلکہ عوام کی جانب سے کیاگیاہے، حق پرست ارکان قومی اسمبلی

ہفتہ 25 اپریل 2015 19:42

؂کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) ایم کیوایم کے حق پرست ارکان قومی اسمبلی نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ جھوٹ بول رہے ہیں، کراچی صوبے کا مطالبہ قائد تحریک الطاف حسین کی جانب سے نہیں بلکہ حقوق سے محروم عوام کی جانب سے کیاگیا ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے مشترکہ بیان میں ترجمان نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے بیان جس میں ان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایم کیوایم قائد الطاف حسین کی جانب سے کراچی صوبے کا مطالبہ افسوسناک ہے ،پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ جھوٹ بولنے سے گریز کریں، قائد تحریک الطاف حسین نے ہرگز کراچی صوبے کامطالبہ نہیں کیا۔

گزشتہ شب جناح گراؤنڈ عزیزآباد میں حقوق سے محروم عوام کی جانب سے کراچی صوبے کے نعرے گونجنے لگے جس پرقائد تحریک الطاف حسین کی جانب سے کہاگیا کہ کراچی کے عوام میں محرومی بڑھ رہی ہے اوروہ اپنے حقوق کیلئے متحد ہوکر کراچی کو صوبہ بنانے کا مطالبہ کررہے ہیں اور اسی طرح جہاں جہاں لوگ صوبے کا مطالبہ کررہے ہیں وہاں بھی عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق صوبے بنائے جائیں۔حق پرست ارکان قومی اسمبلی نے کہاکہ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے عوام کے مطالبے کو الطاف حسین سے منسوب کرکے قوم سے جھوٹ بولا ہے ۔