آزادکشمیر میں اپوزیشن کا کردار بالکل ایسا ہی ہے جیسے ایک ڈاکو دوسرے ڈاکو کو تحفظ فراہم کر رہا ہو‘ریاست میں عملاً چوہدری ریاض حکومت کر رہا ہے‘آزادکشمیر میں (ن)لیگ یا تحریک انصاف کی حکومت ہوتی تو تب بھی یہی صورتحال ہو گی

آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس ثاقب مجید راجہ کی میڈیا سے بات چیت

ہفتہ 25 اپریل 2015 18:47

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) آزادکشمیر میں اپوزیشن کا کردار بالکل ایسا ہی ہے جیسے ایک ڈاکو دوسرے ڈاکو کو تحفظ فراہم کر رہا ہو ،ریاست میں اس وقت عملاً چوہدری ریاض حکومت کر رہا ہے ۔اگر آزادکشمیر میں پاکستان مسلم لیگ ن یا پاکستان تحریک انصاف کی حکومت قائم ہوتی ہے تو تب بھی یہی صورتحال ہو گی۔ریاستی تشخص کو پامال کرنے والوں کے خلاف مسلم کانفرنس آواز بلند کرتی رہے گی۔

ان خیالات کا اظہار امیدوار اسمبلی حلقہ 4و مرکزی رہنماء آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس ثاقب مجید راجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر میں آج نوکریوں ،ٹھیکوں ،تقرریوں اور تبادلوں کے لئے بولیاں لگ رہی ہیں ۔میرٹ کا قتل عام جاری ہے ،سرکاری گاڑیاں چوری کا بہانہ کر کے بیچ دی گئیں،سرکاری ملازمین تنگ ہیں ،حتیٰ کے قانون نافذ کرنے والے ادارے موجودہ حکومت سے عاجز آ چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

عوام مایوسی کا شکار ہیں ۔موجودہ حکومت نے عوام اور ریاستی وسائل کو لوٹنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی ۔ پاکستان کی سیاسی جماعتوں کی جانب سے ہر دور میں مسلم کانفرنس پر حملہ ہوا لیکن قائدین اور کارکنان نے ہمیشہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کمال ہمت ،فہم و فراست سے جماعت کی ساکھ کو محفوظ رکھا مسلم کانفرنس کو ختم کرنے کی ہر سازش کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ میرپور کے الیکشن میں وفاقی حکومت ،پاکستان کی بڑی سیاسی جماعتوں نے کھل کر مداخلت کی ۔ مسلم کانفرنس نے ہمت نہیں ہاری اور آخری وقت میں اپنا امیدوار سامنے لایا ۔ میر پور الیکشن میں اخلاقی فتح مسلم کانفرنس کی ہوئی ہے ۔پرانے آزمائے ہوئے سکے پارٹیاں بدل بدل کر عوام کو بیوقوف بنانے کی کوششیں کر رہے ہیں تبدیلی کے دعویدار آزادکشمیر میں بیہودگی کلچر کو فروغ دے کر تبدیلی لانا چاہتے ہیں اگر یہ کلچر فروغ پا گیا تو ہماری نسلیں تباہ ہو کر رہ جائیں گی۔

پاکستان دل و جان سے پیارا ہے مگر وہاں کی سیاست کا حال انتہائی افسوسناک ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے 4ارب روپے کی خطیر رقم جمع ہوئی جو صرف ڈسٹرکٹ راولاکوٹ اور باغ میں خرچ ہو گئی کیا ضلع ہٹیاں ،مظفرآباد اور نیلم متاثر نہیں ہوئے ۔حکومت مظفرآباد ڈویژن کو مسلسل نظرانداز کر رہی ہے کس حیثیت سے متاثرین کا پیسہ صرف دو ڈسٹرکٹس میں تقسیم ہوا ۔

ثاقب مجید راجہ کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات وقت کی اہم ضرورت ہیں ۔بلدیاتی انتخابات نہ ہونے کی صورت میں بہت سی خرابیاں جنم لے رہی ہیں اقتدار نچلی سطح پر منتقل ہونا چاہیے ۔ پہلی مرتبہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے دور میں بلدیاتی انتخابات موخر ہوئے اور بد قسمتی سے آج تک نہیں ہوسکے ۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ملکی حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ آپریشن ضرب عضب کی ضرورت پورے ملک میں محسوس کی جا رہی ہے ۔

پاک فوج جس عزم ،جرات و بہادری سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بر سر پیکار ہے اس پر پوری قوم اپنی بہادر افواج کو سلام پیش کرتی ہے ۔پاک فوج عوام کے لیے ماتھے کا جھومر اور باعث فخر ہے ۔مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ غیر ریاستی جماعتوں کو یہاں لاکر کشمیریوں کا مقدمہ کمزور کیا گیا ۔کشمیر کو تقسیم کرنے کے کسی بھی فارمولے کو نہیں مانتے ۔

مقبوضہ کشمیر میں پنڈتوں کی بستیاں بنانے،سید علی گیلانی اور مسرت عالم کو غدار کہنے اور ان پر مقدمات قائم کرنے کی بھر پور مذمت کرتے ہیں ۔مسئلہ کشمیر پر سیاست چمکانے والوں کی بھی بھر پور مذمت کریں گے ۔دو طرفہ تجارت کے حق میں تھے مگر اب دہلی اور اسلام آباد ،لاہور سے تجارت ہو رہی ہے ۔مسئلہ کشمیر کی قیمت پر تجارت نہیں کرنے دیں گے ۔راجہ ثاقب مجید نے کارکنوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اپنے ضمیروں کو زندہ رکھیں بھیڑ بکریوں کی مانند اچھل کود کی سیاست کو ناکام بنائیں ۔مسلم کانفرنس ایک بار پھر بر سر اقتدار آ کر عوامی محرومیوں کا ازالہ کرے گی ۔کارکن نظریات پر کاربند رہیں جیت ہمیشہ حق و سچ کی ہی ہوتی ہے ۔