دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں،لادین عناصر مذہبی تعلیم کے خلاف ہرزہ سرائی کر رہے ہیں؛ سیکرٹری جنرل آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس مہرالنساء

ہفتہ 25 اپریل 2015 18:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کی سیکرٹری جنرل و ممبر آزاد کشمیر اسمبلی مہرالنساء نے کہا ہے کہ دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں۔ لادین عناصر مذہبی تعلیم کے خلاف ہرزہ سرائی کر رہے ہیں۔ ایک مرد کی تعلیم صرف ایک فرد پر ہی موقوف ہے جبکہ ایک عورت کو پڑھانا نہ صرف معاشرے بلکہ ساری انسانیت کی تعلیم کے مترادف ہے۔

تحریک آزاد ی کشمیر میں خواتین بھی مردوں کے شانہ بشانہ قربانیاں دے رہی ہیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کی خواتین نے اپنی عزت و آبرو ، اپنی عصمتوں، اپنی اولادوں اور اپنے شوہروں کو قربان کر کے ثابت کر دیا ہے کہ وہ کشمیر کی آزادی اور الحاق پاکستان سے کم کسی آپشن کو قبول کرنے کے لئے تیارنہیں۔ دنیا بھر میں خواتین کے لئے مقبوضہ کشمیر ہی وہ واحد خطہ ہے جہاں ہزاروں کی تعداد میں نیم بیوگان خواتین کسمپرسی اور کرب کی زندگی سے دوچار ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت پنجاب کی طرف سے دینی تعلیمی اداروں کی ہونہار طالبات میں لیب ٹاپ کی تقسیم مثبت قدم ہے۔ انھوں نے ان خیالات کا اظہار مدرسہ خدیجۃ الکبریٰ مورگاہ میں فارغ التحصیل ہونے والی طالبات میں تقسیم اسناد کی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مسلم لیگ ن کی سینیٹر محترمہ نجمہ حمید نے تقریب کی صدارت کی ۔ اور وزیر اعلی پنجاب کی طرف سے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں لیب ٹاپ تقسیم کیئے۔

محترمہ نجمہ حمید نے اپنی صدارتی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے حکومت پاکستان اور پنجاب کی صوبائی حکومت کی طرف سے تعلیم کے فروغ کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ انھوں نے کہا کہ ملک بھر میں نیشنل ایکشن پروگرام کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کے لئے جو اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں دینی تعلیمی اداروں کو ان سے خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ۔

غیر ملکی قوتیں بالخصوص ہندوستان کی حکومت ، پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دینے میں مصروف ہیں ۔ انھوں نے کہا اسلام نے مرد و عورت کی تعلیم میں کوئی فرق نہیں رکھا ۔عورتوں کی دینی تعلیم اسلامی معاشرے کے قیام میں مدد دیتی ہے۔ ہمیں زیادہ سے زیادہ اپنے بچے اور بچیوں کو دینی و دنیاوی تعلیم سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔ اب وہ وقت گیا جب لوگ وسائل کی کمی کی وجہ سے بچوں کو تعلیم کے زیور سے ہم آہنگ نہیں کر سکتے تھے ۔

اس موقع پر ادارے کی مہتمم اور پرنسپل محترمہ سعدیہ جمال اور محترمہ کلثوم چوہدری نے اپنے خطاب میں ادارے کی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر صدر اور مہمان خصوصی نے چار سالہ قاریہ و عالمہ کورس مکمل کرنے والی طالبات میں انعامات ، اسناد اور لیب ٹاپ تقسیم کئے۔ دریں اثناء ادارے کی طرف سے محترمہ نجمہ حمید اور محترمہ مہرالنساء کو اعزازی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :