بدترین مہنگائی میں عوام کا کوئی پرسان حال نہیں‘ میاں مقصود احمد

دیگر وجوہات کے علاوہ سودی معیشت مہنگائی کی سب سے اہم وجہ ہے‘ امیر جماعت اسلامی لاہور

ہفتہ 25 اپریل 2015 18:24

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) امیر جماعت اسلامی لاہورمیاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ بد ترین مہنگائی میں عوام کا کوئی پرسان حال نہیں،حکومتی ارکان اسمبلی اور اپوزیشن ارکان ا س اہم مسئلہ پر اس شدت سے نہیں بولتے جس کی عوام ان سے توقع رکھتے ہیں، البتہ میڈیا کبھی کبھار مہنگائی کو بھی موضوع بناتا ہے لیکن اکثر وبیشتر اس کے بھی موضوعات دوسرے ہوتے ہیں ادھر غریب آدمی کو مہنگائی کی کند چھری سے مسلسل ذبح کیاجارہا ہے،وہ دن بدن زندہ درگو ر ہورہا ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومتیں تو ہمیشہ اپنی کامیاب پالیسیوں کے چرچے کرتی ہیں لیکن عوام الناس کے پاس حکومتی کارکردگی کو جانچنے کا ایک پیمانہ ہے اور وہ اشیائے صرف کی قیمتیں ہوتی ہیں۔ موجودہ حکومت سے عوام نے توقع باندھی تھی کہ ان کے آنے سے اور کچھ نہ ہو معاشی استحکام ضرور آئے گا اور مہنگائی کے بے قابو جن کو کسی بوتل میں بند کرکے مہنگائی سے قدرے نجات مل جائے گی لیکن ہوا اس کے برعکس۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی کئی وجوہات کے ساتھ ساتھ اہم ترین اور بنیادی وجہ سودی معیشت کا ناگزیر سمجھنا ہے اور حکومت نے اس کے خاتمے کو اپنی انا کامسئلہ بنالیا ہے۔ حالانکہ اس سلسلے میں وفاقی شرعی عدالت کے تاریخی فیصلے اور سپریم کورٹ کے شریعت ایبلٹ بنچ کا واضح اور دوٹوک فیصلے پر عملدرآمد کی بجائے اس کے خلاف شرعی عدالت میں ہی اپیل کررکھی ہے۔

پاکستانی معیشت اس وقت تک بہترنہیں ہوسکتی جب تک اس منحوس سودی معیشت سے چھٹکارا حاصل نہیں کیاجاتا ۔ اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ مہنگائی کے بڑھنے میں جی ایس ٹی میں اضافہ، آئی ایم ایف سے قرضہ،قرضوں کی معیشت ،بالواسطہ ٹیکسوں کی بھرمار، پرائس کنٹرول سے بے اعتنائی اور کرپشن اور شاہانہ اخراجات جیسے اقدامات کا بھی بڑا عمل دخل ہے۔

متعلقہ عنوان :